ہوم » نیوز » شمالی ہندوستان

اناج منڈی آتشزدگی : وزیر اعلی کیجریوال نے دیا جانچ کا حکم ، مہلوکین کیلئے 10-10 لاکھ روپے کے معاوضہ کا اعلان

دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے اتوار کو رانی جھانسی روڈ کے نزدیک اناج منڈی میں آتشزدگی جائے وقوعہ اور لوک نائک جے پرکاش اسپتال ( ایل این جے پی ) کا دورہ کیا ۔

  • Share this:
اناج منڈی آتشزدگی : وزیر اعلی کیجریوال نے دیا جانچ کا حکم ، مہلوکین کیلئے 10-10 لاکھ روپے کے معاوضہ کا اعلان
اروند کیجریوال ۔ فوٹو : اے این آئی

دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے اتوار کو رانی جھانسی روڈ کے نزدیک اناج منڈی میں آتشزدگی جائے وقوعہ اور لوک نائک جے پرکاش اسپتال ( ایل این جے پی ) کا دورہ کیا اور زخمیوں کی خیر و عافیت دریافت کی ۔ وزیر اعلی کیجریوال نے جائے وقوعہ کا دورہ کرنے کے بعد ایل این جے پی جاکر زخمیوں سے ملاقات کی ۔ انہوں نے یہاں ڈاکٹروں سے بھی بات چیت کر کے زخمیوں کی خیرو عافیت دریافت کی ۔


وزیر اعلی نے کہا کہ میں نے حادثہ کی مجسٹریٹ جانچ کا حکم دیدیا ہے اور سات دنوں میں رپورٹ دینے کی ہدایت دی ہے ۔  اس دوران دہلی حکومت نے مہلوکین کے لواحقین کو 10-10 لاکھ روپے اور زخمیوں کو ایک ایک لاکھ روپے کی امدادی رقم دینے کا اعلان کیا ہے ۔ وہیں دوسری طرف وزیر اعظم مودی نے بھی مہلوکین کیلئے دو روپے امداد کا اعلان کیا ہے ۔ ساتھ ہی ساتھ زخمیوں کیلئے 50 ہزار کی امداد کا اعلان کیا ۔








صدر جمہوریہ کا اظہار افسوس

صدر جمہوریہ رام ناتھ كووند اور وزیر اعظم نریندر مودی نے اناج منڈی شدید آتشزدگی پر گہرافسوس کا اظہار کیا ۔ صدر جمہوریہ كووند نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ دہلی کی اناج منڈی میں آگ لگنے کی خبر سن کر بہت دکھ ہوا ۔ میری تعزیت اور دعائیں سوگوار کنبوں کے ساتھ ہیں ۔ زخمیوں کے جلد صحت یاب ہونے کی دعا کرتا ہوں ۔ مقامی افسرلوگوں کو بچانے اور ان کی ا مداد کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔

وزیر اعظم نے آتشزدگی کو خوفناک قراردیا

وزیر اعظم مودی نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ دہلی کے رانی جھانسی روڈ کے نزدیک اناج منڈی میں لگی آگ بہت خوفناک ہے ۔ حادثے میں اپنے خانہ افراد کو کھونے والے لوگوں کے ساتھ میری تعزیت ۔ زخمیوں کے جلد صحتیاب ہونے کی دعا کرتا ہوں ۔ افسر جائے وقوعہ پر ہر ممکن امداد فراہم کر رہے ہیں۔

سونیا گاندھی نے افسوس کا اظہار کیا

کانگریس صدر سونیا گاندھی نے اناج منڈی میں آتشزدگی کے باعث جاں بحق ہونے والوں کے تئیں دکھ کا اظہار کا اظہار کیا ۔ مسز گاندھی نے صبح یہاں ایک تعزیتی پیغام میں کہا کہ ان کی تعزیت سواگوار کنبے کے ساتھ ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حادثے سے متاثر زیادہ تر لوگوں کو بچا لیا جائے گا اور زخمیوں کو بر وقت طبی سہولیات دستیاب کرائی جائے گی ۔ کانگریس صدر نے مرکزی اور ریاستی حکومتوں سے متاثرین اور ان کے اہل خانہ کو ہر ممکن امدد فراہم کرنے کو کہا ہے ۔

راہل گاندھی نے تعزیت کا اظہار کیا

اس دوران کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ دہلی کی اناج منڈی میں شدید آگ لگنے سے کئی لوگوں کی موت اور کئی دوسرے کے زخمی ہونے کی خبر سے دلبرداشتہ ہوں ۔ سوگوار کنبوں کے تیئں میں تعزیت کا اظہار کرتا ہوں اور زخمیوں کے جلد صحت یاب ہونے کی دعا کرتا ہوں ۔

قابل ذکر ہے کہ دہلی کے رانی جھانسی روڈ کے نزدیک اناج منڈی میں ایک چار منزلہ عمارت میں اتوار کی صبح شدید آگ لگ گئی ، جس میں کم از کم 43 افراد کی دم گھٹنے سے موت ہو گئی اور مرنے والوں کی تعداد میں ابھی مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ فائر بریگیڈ کے افسر کے مطابق واقعہ کی اطلاع صبح پانچ بجکر 20 منٹ کے قریب موصول ہوئی اور اس کے بعد فوری طور پر فائر بریگیڈ کی 25 سے زائد گاڑیوں کو موقع پر بھیجا گیا ۔ افسر کے مطابق عمارت سے باہر نکالے گئے لوگوں کو نزدیکی لوک نائک جے پرکاش اسپتال (ایل این جے پی ) اور ہندو راؤ اسپتال میں علاج کے لئے بھیجا گیا ۔

حادثے میں دم گھٹنے کی وجہ سے کم از کم 43 افراد کی موت ہو گئی ہے اور بڑی تعداد میں دونوں اسپتالوں میں لوگوں کا علاج کیا جا رہا ہے ۔ مرنے والوں کی تعداد میں ابھی مزید اضافہ ہو سکتا ہے ۔ ایل این جےپي اسپتال میں لائے گئے 34 افراد کی موت ہو چکی ہے اور بڑی تعداد میں زخمیوں کا علاج کیا جا رہا ہے ۔ اس دوران نیشنل ڈیزاسٹررسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کا عملہ مو قع پر پہنچ گیا ہے ۔ فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو تنگ گلیاں ہونے کی وجہ سے جائے وقوعہ پر پہنچنے میں کافی مشقت کرنی پڑی ۔

نیوز ایجنسی یو این آئی کے ان پٹ کے ساتھ 
First published: Dec 08, 2019 01:10 PM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading