لکھنئو، انجمن اصلاح المسلمین ایک ایسی انجمن ہے جس کے تحت آنے والی جائیداد، ادارے اور اوقاف املاک کے تحفظ کو اگر یقینی بنا دیا جائے تو لکھنؤ اور قرب و جوار کے اقلیتی طبقے کے بے سہارا و مجبور بچوں بچیوں کی تعلیم کے بندوبست بھی کئے جاسکتے ہیں۔ کفالت بھی بہ حسن و خوبی کی جاسکتی ہے۔ ساتھ ہی معاشرے کے بے یاور و بے سہارا لوگوں کے بیشتر مسائل بھی حل کیے جا سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ حال ہی میں انجمن اصلاح المسلمین کی ذمہ داری معروف سماجی ، سیاسی، و ملی کارکن سید بلال نورانی کو سونپی گئی ہے۔ بلال نورانی کے ذمہداری سنبھالنے کے بعد سماجی حلقے میں امید افزا فضا قائم ہوئی ہے اور کچھ لوگ یہ کہنے لگے ہیں کہ اب ذمہداری ایک نہایت شریف اور ایماندار شخص کے ہاتھوں میں ہے لہٰذا انجمن کی املاک کا تحفظ بھی ممکن ہوجائے گا اور وہ کام بھی ہوجائیں گے جنہیں کرنے کے لئے بیرسٹر ممتاز نے املاک کو ملت کی فلاح و بہبود کے لیے وقف کیا تھا۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ لکھنئو کے اہم اور مصروف ترین علاقوں میں انجمن کے زیر نگرانی کروڑوں، اربوں ، روپئے کی جائیداد پر ناجائز قبضے ہیں کئی مقامات پر قبرستانوں کی زمینوں پر بھی یہ سلسلہ جاری و ساری ہے ماضی میں انجن کے کچھ ذمہ داران پر یہ الزامات بھی لگتے رہے ہیں کہ انہوں نے زمینی مافیاؤں اور بد عنوان عناصر سے ملکر کروڑوں روپئوں کی زمینوں دوکانوں مکانوں اور املاک کو فروخت بھی کیا ہے اور املاک خرد برد بھی کی گئی ہے۔
سید بلال نورانی سے جب اس ضمن میں بات کی گئی تو ان کی آنکھیں چھلک پڑیں انہوں نے کہا کہ ماضی میں جو ہوا سو ہوا اس کی مذمت ہی کی جاسکتی ہے ،اب کسے کسے الزام دیں کس کو کٹھ گھرے میں کھڑا کریں ہماری یہی کوشش ہےکہ انجمن کا جو کچھ بھی اثاثہ باقی ہے اس کے تحفظ کو یقینی بناکر آمدنی بڑھائی جائے اور اس پیسے سے ملت کی فلاح و بہبود کے کاموں کو یقینی بنایا جائے ، بلال نورانی صرف ایک جذباتی انسان نہیں بلکہ اپنے سینے میں قوم و ملت کا درد رکھنے والے حساس انسان ہیں ، انہوں نے انجمن کی ذمہداری سنبھالتے ہی نہ صرف تمام اراکین کا فعال بنادیا ہے بلکہ وہ کام بھی فوراً شروع کرادئے ہیں جو ابھی تک نہیں کئے گئے تھے وہ کہتے ہیں کہ اب بے ایمان لوگوں اور غیر سماجی عناصر سے ہاتھ ملاکر کروڑوں اربوں روپئے کی مالیت کو غصب کرنے والے لوگوں کو بے نقاب بھی کیا جائے گا اور اس سلسلے پر لگام کس کر عدالتی کارروائی بھی کی جائے گی وہ لوگ جو انجمن کی دوکانوں اور دیگر جائدادوں کومعمولی سے کرائے پر لے کر خود ان دوکانوں اور مکانوں سے لاکھوں روپئے مہینے کا کرایا وصول کرکے ملت کے مال پر عیش کررہے ہیں انہیں بھی بخشا نہیں جائے گا۔
اب پرانی پٹرول۔ڈیزل گاڑیوں کی نہیں خیر، یکم فروری سے سڑکوں پر نظر آئیں تو ہوں گی ضبطہ
ازرا اسپتال میں لگی آگ، ڈاکٹر جوڑے سمیت 6 افراد ہلاک، بال بال بچے مریضمعروف لیڈر ڈاکٹر متین کہتے ہیں کہ جب سے بلال نورانی صاحب نے ذمہداری سنبھالی ہے حالات تبدیل ہونا شروع ہوگئے ہیں اس انجمن کو ایک ایسے ہی ایماندار اور فعال شخص کی ضرورت تھی ہمیں امید ہی نہیں بلکہ یقین ہے کہ اب اداروں، دوکانوں مکانوں زمین جائداد کی شکل میں جو اثاثہ بھی انجمن کے پاس ہے اس کا تحفظ بھی کیاجائے گا اور فلاحی کام بھی انجام دئے جائیں گے ، معروف سماجی کارکن ضیاالدین کشمیری بھی پر امید نظر آتے ہیں وہ بھی یہی کہتے ہیں کہ بلال نورانی کے چارج سنبھالتے ہی نقشہ بدلنا شروع ہو گیا ہے اور شہر کے ایماندار لوگوں نے بھی راحت کی سانس لی ہے ساتھ ہی ممتاز خاندان کے لوگوں نے بھی یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ ہر ہر قدم پر جہاں جہاں ان کے تعاون کی ضرورت ہوگی ضرور پیش رفت کریں گے۔
بلال نورانی یہی کہتے ہیں کہ ان کا مقصد صرف اور صرف بیرسٹر ممتاز کےان خوابوں کو پورا کرنا ہے جن کے لئے انہوں نے اپنی املاک ملت کی فلاح و بہبود کے لئے وقف کی تھی ، بلال نورانی یہ بھی کہتے ہیں کہ پہلے سے چل رہے اداروں کا نظم و ضبط بھی بہتر کیا جائے گا اور کچھ نئے پروجکٹ بھی شروع کئے جائیں گے جس سے ہم معاشرے کے غریب لوگوں کی مدد بھی کرسکیں اور حکومت وقت کو بھی یہ احساس کرا سکیں کہ اگر مسلمُ اوقاف کو ملت کے ذمہدار ہاتھوں میں دے دیا جائے تو صرف غریب مسلمانوں ہی نہیں بلکہ بغیر تفریق مذہب و ملت سبھی بے سہارا اور بے یاور۔ و مدد گار لوگوں کی فلاح و بہبود کے راستے ہموار کئے جاسکتے ہیں۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔