اعظم خان کو وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف نازیبا تبصرے کے معاملے میں مجرم قرار دیا گیا ہے۔ رام پور کورٹ نے انہیں مجرم قرار دیا ہے۔ مانا جا رہا ہے کہ سہ پہر 3 بجےاس معاملے میں سزا کا اعلان کرے گی۔ سال 2019 میں لوک سبھا انتخابات کے دوران اعظم خان نے رام پور میں ایک میٹنگ کے دوران پی ایم مودی پر نازیبا تبصرہ کیا تھا۔ اس سلسلے میں کیس عدالت میں چلا۔ حال ہی میں اس کیس کی سماعت مکمل ہوئی۔ جمعرات کو عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے انہیں مجرم قرار دے دیا۔ اب کورٹ ان کی سزا کا اعلان کرے گا۔ اعظم خان اس سال مئی میں 28 ماہ جیل میں گزارنے کے بعد باہر آئے تھے۔ اس کے بعد سے وہ مسلسل بیمار ہیں۔ اس معاملے میں اعظم خان کے خلاف سخت سزا کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اعظم خان کو تین دفعہ کے تحت قصوروار ٹھہرایا گیا ہے۔
اعظم خان نے لوک سبھا انتخابات 2019 کے دوران ملت کے علاقے میں تقریر کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانہ بنایا تھا۔ اشتعال انگیز تقریر کرتے ہوئے انہوں نے ملک کی صورتحال کے لئے پی ایم مودی کو ذمہ دار ٹھہرایا تھا۔ انہوں نے اقلیتوں کی حالت پر بھی اشتعال انگیز بیان دیا تھا۔ اسی معاملے میں ان کے خلاف مقدمہ درج کرایا گیا تھا۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما آکاش سکسینہ نے نازیبا تبصرے کے معاملے میں اعظم خان کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا۔
یہ معاملہ رامپور کے ایم پی ایم ایل اے کورٹ میں چل رہا ہے۔ ایم پی ایم ایل اے کورٹ نے 21 اکتوبر کو اس معاملے کی سماعت مکمل کی تھی اور اس کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔ سب کی نظریں جمعرات کو عدالت کے فیصلے پر تھیں۔ مانا جا رہا ہے کہ اگر اعظم خان کے خلاف 2 سال سے زیادہ کی سزا ہوئی تو ان کی اسمبلی رکنیت ختم ہو جائے گی۔ اعظم خان کو تین مقدمات میں سزا سنائی گئی ہے۔ اب سب کی نظریں دوپہر 3 بجے ہونے والے سزا کے اعلان پر لگی ہوئی ہیں۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔