نئی دہلی۔ نیشنل ہیرالڈ معاملے میں کانگریس صدر سونیا گاندھی اور نائب صدر راہل گاندھی کوی آج اس وقت بڑی راحت ملی جب پٹیالہ ہاوس عدالت نے بی جے پی لیڈراور راجیہ سبھا رکن سبرامنیم سوامی کے اس مقدمے کے کاغذات دئے جانے سے متعلق عرضی مسترد کردی۔ اس معاملے کی اگلی سماعت اب 10فروری کو ہوگی۔ مسٹر سوامی نے جواہر لال نہرو کے ذریعہ شرو ع کی گئی نیشنل ہیرالڈ گروپ کی جائیدادوں کو غیر قانونی طور پر استعمال کرنے کے لئے دونوں پر الزام لگاتے ہوئے مقدمہ دائر کیا تھا۔اس معاملے میں دونوں کے علاوہ کانگریس کے کئی دیگر لیڈروں کے نام بھی سامنے آئے ہیں۔
اس سے قبل عدالت نے نیشنل ہیرالڈ اخبار کی ناشر کمپنی ایسوسی ایٹ جرنلس لمیٹیڈ اور کانگریس کے ایک مہر بند لفافے میں داخل دستاویزات کو سرکاری محکموں کو واپس بھیجنے کا حکم دیا تھا۔ دہلی ہائی کورٹ نے اس سال 12جولائی کو دئے گئے اپنے حکم میں پٹیالہ ہاوس عدالت کے فیصلے کو پلٹ دیا تھا۔ہائی کورٹ نے اپنے حکم میں کہا تھا کہ تعزیرات ہند کی دفعہ 91 کے تحت کوئی بھی حکم دینے سے قبل ملزم کا موقف بھی سنا جانا ضروری ہے لیکن اس معاملے میں ایسا نہیں ہوا ہے۔ عدالت کے اس حکم کے بعد مسٹر سوامی کواب کانگریس ، اے جی ایل کی بیلنس شیٹ اور انکم ٹیکس سے متعلق دستاویزات نہیں ملیں گے۔ بی جے پی لیڈر نے 2012 میں یہ معاملہ درج کرایا تھا ۔
عدالت نے 26 جون 2014 کو محترمہ گاندھی، مسٹر گاندھی کے علاوہ کانگریس کے سینئر لیڈر موتی لال ووہرا، سیم پترودا اور سمن دوبے کو حاضر ہونے کا حکم دیا تھا ۔ معاملے میں محترمہ گاندھی اور مسٹر گاندھی عدالت میں حاضر ہوئے تھے اور فی الحال ضمانت پر ہیں۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔