نئی دہلی۔ بیلجیم کے دارالحکومت برسلز میں ہوئے بم دھماکوں میں انفوسس کے ملازم راگھویندرن گنیشن کی موت ہو گئی ہے۔ خود انفوسس نے گنیشن کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے اس مشکل وقت میں ان کے اہل خانہ کی رازداری کا خیال رکھنے کی اپیل کی ہے۔ گنیشن اس حملے کے بعد سے ہی لاپتہ بتائے جا رہے تھے۔
کمپنی نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے ساتھی راگھویندرن گنیشن کی برسلز میں ہوئے دہشت گردانہ حملے میں موت کی تصدیق کرتے ہیں۔ ہماری دعائیں راگھویندرن کے خاندان اور اس حملے میں ہلاک ہوئے دوسرے لوگوں کے خاندان کے ساتھ ہیں۔ ہم دکھ کی اس گھڑی میں راگھویندرن کے خاندان کو ہر ممکن مدد فراہم کرتے رہیں گے۔ ہم بیلجیم اور ہندستان کے حکام سے گزشتہ چند دنوں میں ملے تعاون کے لئے ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
برسلز میں گزشتہ منگل کو یکے بعد دیگرے تین دھماکے ہوئے تھے۔ اس دہشت گردانہ حملے کے بعد سے ہی راگھویندرن لاپتہ بتائے جا رہے تھے۔ خود وزیر خارجہ سشما سوراج نے ٹوئٹر پر کہا تھا کہ ہم راگھویندرن کا پتہ لگانے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔ اس حملے میں ہوا بازی کمپنی جیٹ ایئر ویز کے دو ملازم بھی زخمی ہوئے تھے۔ ایئرپورٹ اور مالبیک میٹرو اسٹیشن پر ہوئے بم دھماکوں میں کل 35 لوگوں کی موت ہو چکی ہے، جبکہ تقریبا 300 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔