لوک سبھا میں بی ایس پی کے لیڈرعہدے سے ہٹائےگئے کنوردانش علی، یوپی تنظیم میں بھی ہوئی تبدیلی
دانش علی کی ذمہ داری رکن پارلیمنٹ شیام سنگھ یادوکو سونپی گئی ہے۔ پارٹی نے اترپردیش میں تنظیم میں تبدیلی کرتے ہوئےسابق راجیہ سبھا رکن منقادعلی کوریاستی یونٹ کا صدربنایا گیا ہے۔
- UNI
- Last Updated: Aug 07, 2019 11:59 PM IST

بی ایس پی سربراہ مایاوتی: فائل فوٹو
نئی دہلی: بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) نے لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر کنوردانش علی کو ان کی ذمہ داری سے ہٹا دیا ہے۔ وہ لوک سبھا میں پارٹی کے قانون ساز پارٹی کے لیڈرتھے۔ بتایا جاتا ہے کہ بی ایس پی نے اترپردیش میں ضمنی الیکشن کے پیش نظرامروہہ کے رکن پارلیمنٹ دانش علی کی جگہ پرجونپورسے منتخب رکن پارلیمنٹ شیام سنگھ یادوکو لوک سبھا میں پارٹی کا لیڈرمقررکیا ہے۔
بی ایس پی نے بدھ کو یہاں بتایا کہ امبیڈکرنگرسیٹ سے رکن پارلیمنٹ رتیش پانڈے کولوک سبھا میں ڈپٹی لیڈر بنایا ہے۔ حالانکہ ایوان میں پارٹی کے چیف وہپ نگینہ سیٹ سے منتخب گریش چندرجاٹو بدستور اپنےعہدے پر قائم رہیں گے۔ پارٹی نے اترپردیش میں تنظیم میں تبدیلی کرتے ہوئے سابق راجیہ سبھا رکن منقاد علی کو ریاستی یونٹ کا صدر بنا دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی اترپردیش یونٹ کے سابق صدر آرایس کشواہا کو پارٹی کی مرکزی یونٹ کا جنرل سکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔

بی ایس پی کے ذریعہ جاری پریس ریلیز۔