ہوم » نیوز » شمالی ہندوستان

نتائج ملک کی سیاست کیلئے بڑا پیغام ، عوام نے بی جے پی کے خلاف ووٹ دیا : اکھلیش یادو

سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے اترپردیش کے کیرانہ لوک سبھا اور نور پور اسمبلی سیٹ پر کامیابی کو مرکز اور ریاستی حکومت کے خلاف ووٹ قرا ردیا ہے۔

  • UNI
  • Last Updated: May 31, 2018 09:02 PM IST
  • Share this:
  • author image
    NEWS18-Urdu
نتائج ملک کی سیاست کیلئے بڑا پیغام ، عوام نے بی جے پی کے خلاف ووٹ دیا : اکھلیش یادو
اکھیلیش یادو ۔ فائل فوٹو

لکھنؤ : سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے اترپردیش کے کیرانہ لوک سبھا اور نور پور اسمبلی سیٹ پر کامیابی کو مرکز اور ریاستی حکومت کے خلاف ووٹ قرا ردیا ہے۔ مسٹر یادو نے آج کیرالہ لوک سبھا اور نور پور اسمبلی حلقہ کے انتخابی نتائج آنے کے بعد نامہ نگاروں سے کہا کہ عوام نے بی جے پی حکومتوں کے خلاف ووٹ دیا ہے ۔ انہوں نے بی جے پی کی شکست کو کسانوں اور غریبوں کی فتح قرار دیا۔

سماج وادی پارٹی کے صدر نے کہا کہ کیرانہ اور نور پور میں وہ ایک دن بھی انتخابی مہم میں حصہ لینے نہیں گئے تھے لیکن دونوں سیٹوں پر کسانوں سے حمایت حاصل کرکے بی جے پی کو شکست دی ہے۔ بی جے پی حکومت نے کسانوں اور غریبوں کے ساتھ مسلسل دھوکہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نتائج ملک کی سیاست کے لئے ایک بڑا پیغام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سماج وادی پارٹی کی ای وی ایم پر پہلے جو رائے تھی وہ آج بھی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سماج وادی پارٹی قومی سطح پر دیگر جماعتوں کی طرف سے اتحاد قائم کرنے کی کوشش میں اپنا تعاون دے گی۔اس دوران سماج وادی پارٹی کے پھول پور پارلیمانی حلقہ سے ممبر پارلیمنٹ ناگیندر سنگھ پٹیل نے کہا ہے کہ بی جے پی تمام محاذوں پر ناکام ہوگئی ہے اور اس کی الٹی گنتی شروع ہوگئی ہے۔

مسٹر پٹیل نے ضمنی الیکشن میں اتحاد کی فتح پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب بی جے پی کی الٹی گنتی شروع ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ 2019میں بی جے پی کا صفایا ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام اب جملوں کے بہکاوے میں نہیں آنے والے ہیں۔ بہت ہوگیا وکاس کی جملے بازی۔ کیرانہ میں بی جے پی اپنے وقار کو نہیں بچاسکی ۔

First published: May 31, 2018 09:02 PM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading