ہوم » نیوز » شمالی ہندوستان

 احتیاطی تدابیر ملحوظ رکھتے ہوئے عید الاضحی منائیں اور قربانی کریں : جماعت اسلامی ہند

Eid-ul-Adha 2021: شریعہ کونسل جماعت اسلامی ہند کے چیئرمین مولانا سید جلال الدین عمری اور سکریٹری ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی نے کونسل کی جانب سے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر ملحوظ رکھتے ہوئے عید الاضحی منائیں اور قربانی کریں ۔

  • Share this:
 احتیاطی تدابیر ملحوظ رکھتے ہوئے عید الاضحی منائیں اور قربانی کریں : جماعت اسلامی ہند
 احتیاطی تدابیر ملحوظ رکھتے ہوئے عید الاضحی منائیں اور قربانی کریں : جماعت اسلامی ہند

نئی دہلی : چند دنوں کے بعد عید الاضحی آنے والی ہے ۔ اس کی ایک اہم عبادت قربانی ہے ۔ ابھی چوں کہ کورونا وائرس کا مکمل طور پر خاتمہ نہیں ہوا  ہے ، اس لیے شریعہ کونسل ، جماعت اسلامی ہند کے چیئرمین مولانا سید جلال الدین عمری اور سکریٹری ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی نے کونسل کی جانب سے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر ملحوظ رکھتے ہوئے عید الاضحی منائیں اور قربانی کریں ۔


بیان میں کہا گیا ہے کہ قربانی حضرت ابراہیم خلیل اللہ علیہ السلام کی سنت ہے۔ اس پر خاتم النبیین حضرت محمد ﷺ نے عمل کیا اور اپنی امت کو بھی اس کی تاکید کی ہے۔ یہ محض کوئی رسم نہیں ہے۔ اس لیے مسلمانوں کو عید الاضحی کے موقع پر حتی الامکان قربانی کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ صدقہ و خیرات، رفاہی خدمات یا کوئی دوسرا نیک عمل اس کا بدل نہیں ہو سکتا۔ جن صاحب حیثیت لوگوں پر قربانی واجب ہوگی، اگر وہ خواہش اور کوشش کے باوجود کسی وجہ سے قربانی نہ کر سکیں تو ان کے لیے جائز ہے کہ بعد میں قربانی کے بہ قدر رقم غریبوں میں تقسیم کر دیں۔


بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مسلمان قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے دین و شریعت پر عمل کرنے کی کوشش کریں۔ جن جانوروں کے ذبیحہ پر پابندی ہو ان کی قربانی سے احتراز کریں۔ قربانی کے دوران تمام احتیاطی تدبیریں ملحوظ رکھیں۔ راستوں اور گزرگاہوں پر قربانی نہ کریں۔ صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں۔ خون، فضلات اور زائد اجزا کو دفن کر دیں یا کوڑا کرکٹ کے متعینہ مقامات تک پہنچائیں۔


بیان میں کہا گیا ہے کہ مناسب ہے کہ ہر علاقہ میں عید الاضحی سے چند روز قبل ایک کمیٹی تشکیل دی جائے جو حالات پر نظر رکھے۔ مقامی حکام سے برابر رابطہ رکھے اور امن و قانون کی صورت کو بحال رکھنے میں اپنا تعاون پیش کرے ۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اپنے دین پر چلنے اور اپنی مرضی کے مطابق زندگی گزارنے کی توفیق عطا فرمائے ۔
Published by: Imtiyaz Saqibe
First published: Jul 17, 2021 09:59 PM IST