ہوم » نیوز » شمالی ہندوستان

جانیں ہارون یوسف نے کیوں کہا کیجریوال اور ان کے وزرا کے پاس اقلیتوں کے لئے نہیں ہے وقت

عازمین حج کے پہلے قافلے کی روانگی اور دلی ائیرپورٹ پر ان کے اعزاز میں منعقد افتتاحی تقریب سے عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈروں کی جانب سے دوری بنائے جانے کا معاملہ بڑھتا جا رہا ہے اور اس معاملے پر عام آدمی پارٹی کی حکومت پر تنقید کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

  • Share this:
جانیں ہارون یوسف نے کیوں کہا کیجریوال اور ان کے وزرا کے پاس اقلیتوں کے لئے نہیں ہے وقت
کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق ریاستی وزیر ہارون یوسف بلیماران اسمبلی حلقہ سے آگے چل رہے ہیں۔ فائل فوٹو

نئی دہلی۔ عازمین حج کے پہلے قافلے کی روانگی اور دلی ائیرپورٹ پر ان کے اعزاز میں منعقد افتتاحی تقریب سے عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈروں کی جانب سے دوری بنائے جانے کا معاملہ بڑھتا جا رہا ہے اور اس معاملے پر عام آدمی پارٹی کی حکومت پر تنقید کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق ریاستی وزیر ہارون یوسف نے نیوز 18 اردو سے ٹیلیفونک بات چیت میں عام آدمی پارٹی کی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عازمین حج کا پہلا قافلہ روانہ ہوا، اس میں وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال یا نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کا نہ پہنچنا انتہائی شرمناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے مبارک اور مقدس موقع پر جب ہم چاہتے ہیں کہ حج بیت اللہ کے لئے جانے والوں کو خوشی خوشی الوداع کیا جائے، ایسے وقت پر عام آدمی حکومت کی طرف سے انہیں نظر انداز کیا جانا انتہائی مایوس کن ہے۔


ہارون یوسف نے مزید کہا کہ کیجریوال اور ان کے وزراء کے پاس اقلیتوں کے لئے وقت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حج تقریب میں وزیر اعلیٰ کی شرکت کی روایت رہی ہے، لیکن اگر وزیر اعلیٰ یا نائب وزیر اعلیٰ کسی وجہ سے شریک نہیں ہوئے تو پھر کیا وجہ تھی کہ حج امور کے وزیر بھی شریک نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ کیجریوال حکومت مسلسل اقلیتی مسائل کو نظر انداز کررہی ہے۔ اسکول کا معاملہ ہو، حج کا معاملہ ہو، وقف بورڈ کا معاملہ ہو، تمام مسائل کو انہوں نے ٹھنڈے بستے میں ڈال دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کے مسلمان ان تمام چیزوں کو دیکھ رہے ہیں، اس طرح کا رویہ ٹھیک نہیں ہے۔


واضح رہے کہ آج اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے ٹرمنل 2 پر عازمین حج کے پہلے قافلہ کو روانہ کرنے کے لئے تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا، لیکن یہ پہلا موقع تھا جب دہلی کے وزیر اعلیٰ، نائب وزیر اعلیٰ یا متعلقہ وزیر میں سے کسی نے شرکت نہیں کی۔ انہوں نے اس بار حج تقریب سے دوری بنا لی۔ سوال اس وقت مزید گہرا ہوگیا جب دہلی حکومت کے حج امور کے وزیر کیلاش گہلوت کے نام کا نیم پلیٹ بھی لگایا گیا تھا، لیکن اس کے باوجود وہ نہیں آئے۔ دہلی کے وزیر برائے خوراک ورسد عمران حسین تو ضرور پہنچے لیکن وہ بھی بہت تاخیر سے۔ ان کے آنے سے قبل مرکزی وزیر مختار عباس نقوی واپس جا چکے تھے۔


مرکزی وزیر کے خطاب کے بعد عمران حسین پہنچے اور پھر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے ملک میں و امان اور خوشحالی کے لئے دعا کی اپیل کی۔ عمران حسین حکومت کی دوری بنائے جانے سے متعلق سوال پر صفائی دیتے نظر آئے۔ انہوں نے کہا کہ میں آیا ہوں، میں بھی سرکار کی نمائندگی کرتا ہوں اور تاخیر اس وجہ سے ہوگئی کہ راستے میں ٹریفک جام بہت تھا۔

First published: Jul 14, 2018 06:00 PM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading