ہریانہ اسمبلی انتخابات 2019 کے پیش نظر کانگریس نے اپنا انتخابی منشور جاری کردیا ہے ۔ کانگریس نے اپنے منشور میں کانگریس کی حکومت بننے پر ماب لنچنگ ( ہجومی تشدد ) پر ہریانہ میں سخت قانون بنائے جانے کی بات کہی ہے ۔ ہجومی تشدد کا جرم ثابت ہونے پر ملزمین کو سرکاری نوکریوں کیلئے نااہل قرار دیا جائے گا ۔
ہریانہ میں کانگریس نے اپنے انتخابی منشور میں گائے سے پیار کا بھی مظاہرہ کیا ہے ۔ کانگریس کی حکومت بننے پر ہر اسمبلی حلقہ میں گئو شالہ کھولا جائے گا ۔ گئو شالاوں کو سالانہ بجٹ بھی دیا جائے گا ۔ گئو موتر اور گوبر کی پروسیسنگ کی جائے گی اور اس سے آیوروید دوائیں ، نامیاتی کھاد اور نامیاتی جراثیم کش ادویات تیار کرنے کیلئے ٹریننگ اور مالی مدد بھی دی جائے گی ۔ تاکہ گایوں کے توسط سے نوجوان روزگار حاصل کرسکیں ۔
کانگریس کے انتخابی منشور کو لے کر سینئر لیڈر غلام نبی آزاد نے کہا کہ یہ ایک انقلابی منشور ہے ، جس میں سماج کے ہر طبقہ کا خیال رکھا گیا ہے ۔ اس منشور میں خواتین کا خاص خیال رکھا گیا ہے اور بچوں کی تعلیم اور سیکورٹی پر کافی توجہ دی گئی ہے ۔ 33 فیصدی ریزرویشن کا انتظام روزگار میں خواتین کیلئے کیا گیا ہے ۔ اگر بیوی کے نام پر گھر ہوگا تو ہاوس ٹیکس میں 50 فیصد کی چھوٹ دی جائے گی ۔ ایس سی - ایس ٹی طبقہ کی آگے کی پڑھائی اور ان کے روزگار کیلئے بھی بندوبست ، تعلیم میں اسکالر شپ وغیرہ کا بھی منشور میں اعلان کیا گیا ہے ۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔