کانگریس صدر راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر گزشتہ لوک سبھا انتخابات میں لوگوں سے جھوٹے وعدے کرنے کا الزام لگاتے ہوئے آج کہا کہ کانگریس پارٹی کے منشور میں ایک بھی جھوٹا وعدہ نہیں کیا گیا ہے اور یہ مکمل طورپر حقیقت اور لوگوں کی خواہشات پر مبنی ہے۔
سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ، متحدہ ترقی پسند اتحاد کی صدر سونیا گاندھی، سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم اور سابق وزیر دفاع اے کے انٹونی کی موجودگی میں لوک سبھا انتخابات کے لئے پارٹی کا منشور 'جن آواز' جاری کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ یہ دستاویز بند کمرے میں بیٹھ کر نہیں بلکہ ملک کے کونے کونے میں بیٹھے لاکھوں افراد سے بات چیت کی بنیاد پر تیار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منشور کمیٹی سے صاف صاف کہہ دیا گیا تھا کہ پارٹی ایسا کوئی وعدہ نہیں کرے گی جسے پورا کرنا ممکن نہیں ہے۔ اسی لیے صرف اس طرح کےوعدے کئے گئے ہیں جو حقیقی طور پر پورے کئے جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ منشور میں روزگار، کم از کم آمدنی منصوبہ (نیائے)، منریگا، کسان، تعلیم اور صحت جیسے اہم ایشوز شامل ہیں۔ ملک کے 20 فیصد غریب ترین کنبوں کو ہر سال 72 ہزار روپے براہ راست ان کے اکاؤنٹ میں دینے کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے نعرہ دیا ’’غریبی پر پر وار، 72 ہزار‘‘۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ہر شخص کے اکاؤنٹ میں 15 لاکھ روپے ڈالنے کا جھوٹا وعدہ کیا تھا لیکن کانگریس پوری تیاری کے ساتھ یہ وعدہ کر رہی ہے کہ ’نیائے‘ کے وعدے کو پورا کیا جائے گا۔
کانگریس صدر نے اعلان کیا کہ کسانوں کے لئے الگ سے بجٹ کا انتظام کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ قرض نہ لوٹانے والے کسانوں پر مجرمانہ معاملے درج نہیں کئے جائیں گے۔ راہل
گاندھی نے کہا کہ مودی نے ہر سال دو کروڑ روزگار دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن کانگریس اس طرح کا جھوٹا وعدہ نہیں کر رہی ہے۔ کانگریس نے حقیقت کا پتہ لگایا ہے اور اسی بنیاد پر وہ وعدہ کر رہی ہے کہ سرکاری شعبہ میں 22 لاکھ خالی سامیوں کو سال 2020 تک پر کیاجائے گا۔ گرام پنچایتوں میں 10 لاکھ نوجوانوں کو روزگار دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ نریندر مودی نے کانگریس حکومت کے منریگا منصوبہ کی تنقید کی تھی لیکن کانگریس اس منصوبہ کو آگے بڑھاتے ہوئے اس کے تحت اب 100 کی بجائے 150 دن کے روزگار کی ضمانت دے گی۔ تعلیم پر جی ڈی پی کا 6 فیصد خرچ کرنے کا بھی کانگریس نے وعدہ کیا ہے۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔