ہوم » نیوز » شمالی ہندوستان

Coronavirus Vaccination: کل سے سبھی کیلئے مفت کورونا ویکسین ، کووین ایپ پر پہلے سے رجسٹریشن ضروری نہیں

India Coronavirus Vaccination: اکیس جون سے شروع ہونے جارہی ٹیکہ کاری مہم کے اگلے مرحلہ میں Cowin.gov.in پر پہلے سے رجسٹریشن ہونا ضروری نہیں ہے ۔

  • Share this:
Coronavirus Vaccination: کل سے سبھی کیلئے مفت کورونا ویکسین ، کووین ایپ پر پہلے سے رجسٹریشن ضروری نہیں
کل سے سبھی کیلئے مفت کورونا ویکسین ، کووین ایپ پر پہلے سے رجسٹریشن ضروری نہیں

نئی دہلی : کورونا وائرس کے خلاف ہندوستان میں ٹیکہ کاری مہم کا اگلا مرحلہ 21 جون سے شروع ہونے جارہا ہے ۔ اس کے تحت مرکزی حکومت 18 سال سے زیادہ عمر والوں کیلئے مفت میں ویکسین مہیا کرائے گی ۔ دراصل وزیر اعظم نریندر مودی نے گزشتہ سات جون کو اعلان کیا تھا کہ ریاستوں کو ٹیکہ ساز کمپنیوں سے ویکسین کی خریداری نہیں کرنی ہوگی ۔ مرکزی حکومت 75 فیصد ویکسین کی خریداری کرے گی اور اس کو ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطوں کو مفت میں تقسیم کرے گی ۔


ہندوستان میں پہلی ٹیکہ کاری مہم 16 جنوری سے شروع ہوکر 30 اپریل تک چلی تھی ۔ اس دوران مرکزی حکومت کی پالیسی یہ رہی کہ اس نے ٹیکہ ساز کمپنیوں سے سوفیصد ویکسین کی خریداری کی اور انہیں ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطوں کو مفت میں دیا ۔ پہلے مرحلہ میں فرنٹ لائن ورکرس اور 45 سال سے زیادہ عمر والوں کو ترجیح دی گئی ۔


اس کے بعد یکم مئی سے مرکز نے لبرلائزڈ پالیسی کو لاگو کیا ، جس کے تحت مرکزی حکومت نے ٹیکہ ساز کمپنیوں سے 50 فیصد ویکسین کی خریداری کی جبکہ باقی ماندہ 50 فیصد کی خریداری ریاستوں اور پرائیویٹ اسپتالوں نے براہ راست ٹیکہ ساز کمپنیوں سے کی ۔


ویکسین خریدنے کی پالیسی میں تبدیلی کو لے کر وزارت صحت نے کہا کہ کافی ریاستوں نے اب تک کہا ہے کہ انہیں رقم اکٹھا کرنے ، ویکسین کی خرید اور اس کے آپریشن میں کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ اس وجہ سے قومی ٹیکہ کاری مہم کی رفتار پر اثر پڑا ہے ۔ یہ بھی غور کیا گیا کہ چھوٹے اور دور دراز کے پرائیویٹ اسپتالوں کو بھی پریشانیوں سے دو چار ہونا پڑ رہا ہے ۔

اب ریاستی سرکار کیا کرے گی

مرکز کے ذریعہ دی گئی ویکسین کی ڈوز کو اب ریاستیں 18 سال سے زیادہ عمر کے سبھی لوگوں کو مفت میں دیں گی ۔ حالانکہ اس دوران ہیلتھ ورکرس ، فرنٹ لائن ورکرس ، 45 سال سے زیادہ عمر کے شہریوں اور پھر وہ شہری جن کی دوسری ڈوز باقی ہے اور اس کے بعد 18 سال اور اس سے زیادہ عمر کے شہریوں کو ٹیکہ لگانے میں ترجیح دی جائے گی ۔
Published by: Imtiyaz Saqibe
First published: Jun 20, 2021 06:30 PM IST