لکھنؤ۔ اترپردیش کے بلدیاتی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی سخت سکیورٹی انتطامات کے درمیان آج صبح آٹھ بجے شروع ہوگئی۔ ریاستی الیکشن کمیشن کے کمشنر ایس کے اگروال نے یہاں بتایا کہ سبھی نتیجے دیر رات تک آجانے کا امکان ہے۔ تین مرحلوں میں 16میونسیپل کارپوریشن ،198میونسیپل کونسل اور438 نگر پنچایتوں کے انتخابات کی ووٹنگ 22،26 اور 29دسمبر کومکمل ہوگئی تھی۔اجودھیا ،متھرا-ورنداون ،سہارن پور اور فیروز آباد میں میونسیپل کارپوریشن کا الیکشن پہلی بار ہوا ہے۔گزشتہ 19مارچ کو وزیراعلی کے عہدے کی کرسی سنبھالنے کے بعد یوگی آدتیہ ناتھ کے دفتر کا یہ پہلا اہم الیکشن ہے۔اس الیکشن میں تشہیر کی قیادت وزیراعلی خود کررہے تھے۔انتخابی تشہیر میں بی جےپی کے ریاستی صدر مہیندر ناتھ پانڈے کے علاوہ دونوں نائب وزرائے اعلی کیشو پرساد موریا ،دنیش شرما اور ریاست کے وزرا نے رات دن ایک کردیا تھا ۔
ووٹوں کی گنتی میں 16میونسیپل کارپوریشن ،198میونسیپلوں اور438شہری علاقوں میں 12ہزار 647عہدوں کےلئے 79ہزار 113امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ہوگا۔میونسیپل کارپوریشنوں کے لئے ووٹنگ ای وی ایم مشین سے ہوئی تھی جبکہ میونسیپلٹی علاقوں کے لئے روایتی بیلٹ پیپرکے استعمال سے کی گئی تھی۔حیرانی کی بات ہے کہ ریاست کے صرف ایک ضلع متھرا میں ووٹنگ کی فیصد میں کمی آئی ہے۔ جبکہ دیگر اضلاع میں اضافہ درج کیا گیا ہے۔2012میں الیکشن کے مقابلے میں اس بار 74اضلاع میں چھ فیصد ووٹنگ زیادہ ہوئی۔
مسٹر اگروال نے بتایا کہ سبھی 75اضلاع میں ووٹوں کی گنتی کےلئے سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔ووٹوں کی گنتی کےلئے کل 11ہزار 200میزیں لگائی گئی ہیں جس میں سے چھ ہزار اکیلے 16کارپوریشنوں کےلئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ فاتح امیدوار کا سرٹیفکیٹ ویب سائٹ پر اپلوڈ کیا جائے گا،یہ ریٹرننگ افسر کے ذریعہ ڈائون لوڈ کیا جائے گا۔کمیشن نے فی الحال سات گھنٹے میں ووٹوں گنتی کا عمل مکمل کرنے کا ہدف رکھا ہے۔
مسٹر اگروال نے بتایا کہ ووٹروں کو بھی کمیشن کے ذریعہ اپنے متعلقہ وارڈوں میں فاتحین کے بارے میں مطلع کیا جائےگا۔ ریاست کے تقریباً 15لاکھ ووٹروں نے اب تک کمیشن کی ویب سائٹ کے ساتھ اپنا رجسٹریشن کیا ہے۔ موبائل نمبر پر ووٹروں کو الیکشن کے نتیجہ کی اطلاع ایس ایم ایس کے ذریعہ بھیجی جائےگی۔ تین مرحلوں میں ہوئی اس ووٹنگ میں تشدد کے چھوٹے موٹے واقعات ہوئے ۔ فہرست میں نام کٹ جانے سے کئی ووٹرووٹ دینے سے محروم رہے۔کمیشن نے خراب انتظامات کےلئے لکھنؤ انتظامیہ کی سرزنش بھی کی تھی۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔