دہلی اسمبلی انتخابات 2020 کے نتائج ابتدائی رجحانات سامنے آگئے ہیں۔ اس میں عام آدمی پارٹی کو واضح اکثریت ہوتی ہوئی نظر آرہی ہے۔ جبکہ بی جے پی تقریباً 15 سیٹوں پر آگے چل رہی ہے۔ جبکہ کانگریس ایک بھی سیٹ پر آگے نہیں چل رہی ہے۔ کانگریس کےلئے خوشخبری لانے والے ہارون یوسف پیچھے ہوگئے ہیں۔ بلیماران اسمبلی حلقہ میں سہ رخی مقابلہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ کبھی عام آدمی پارٹی، تو کبھی بی جے پی امیدوار آگے ہو رہے ہیں۔ ہارون یوسف پہلے آگے چل رہے تھے، لیکن پھر پیچھےہوگئے ہیں۔ ہارون یوسف کو گزشتہ اسمبلی انتخابات میں عام آدمی پارٹی کے عمران حسن نےشکست دی تھی اور وہ عام آدمی پارٹی کی حکومت میں وزیربنے تھے۔ اس سےقبل ہارون یوسف مسلسل پانچ بار بلیماران اسمبلی حلقہ کی نمائندگی کرچکے ہیں اور شیلا سرکار میں وزیر رہے ہیں۔

کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق ریاستی وزیرہارون یوسف بلیماران اسمبلی حلقہ سے ایک بار پھر پیچھے ہوگئے ہیں۔
ابتدائی رجحانات سامنے آنے کے بعد تین سیٹوں پر تکنیکی خامی کی وجہ سے ووٹوں کی گنتی رک گئی ہے۔ آدرش نگر، شکور بستی اور ماڈل ٹاؤن میں ووٹوں کی گنتی کا عمل ابھی روک دیا گیا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ تکنیکی خامی کی وجہ سے ووٹوں کی گنتی روکی گئی ہے۔ جبکہ امبیڈکر نگر، چھترپور اور دیولی میں ابھی تک ووٹوں کی گنتی شروع نہیں ہوپائی ہے، ان میں سے امبیڈکر نگر اور دیولی ریزرو سیٹ ہیں۔
مسلم اکثریتی حلقہ اوکھلا کی اگر بات کریں تو یہاں سے امانت اللہ خان بھی پیچھے چل رہے ہیں۔ عام آدمی پارٹی کے امیدوار اور موجودہ رکن اسمبلی امانت اللہ خان پہلے آگے چل رہے تھے، لیکن اب بی جے پی کے امیدوار برہم سنگھ آگے ہوگئے ہیں۔ جبکہ کانگریس امیداور پرویز ہاشمی تیسرے نمبر پرہیں۔ 2015 میں عام آدمی پارٹی کے امیدوار نے یہاں جیت درج کی تھی۔ ابتدائی رجحانات میں امانت اللہ خان آگے چل رہے تھے، لیکن وہ پھر پیچھے ہوگئے۔

عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی امانت اللہ خان۔
وہیں دوسری طرف عام آدمی پارٹی جشن کی تیاری میں مصروف ہوگئی ہے۔ پارٹی آفس پر تقریب منعقد ہوگی، جس میں وزیراعلیٰ اروند کیجروال اپنے اہل خانہ کے ساتھ شرکت کریں گے۔ اس پر عام آدمی پارٹی کے لیڈر اور راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ نےکہا ہے کہ 'حتمی نتائج کا انتظار کریں۔ عام آدمی پارٹی تاریخی فتح کی طرف گامزن ہیں۔
دہلی انتخابی نتائج2020: اب تک 59 سیٹوں کے رحجانات سامنے آئے ہیں۔ 44سیٹوں پر عام آدمی پارٹی اور16 سیٹوں پربی جے پی آگے ہے۔ عام آدمی پارٹی نے جشن کی تیاری کرلی ہے۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔