ہوم » نیوز » شمالی ہندوستان

حج 2019: دہلی کے عازمین حج کے لئے قرعہ اندازی، 2010 عازمین حج کا انتخاب

دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کو اس سال موصول ہونے والی درخواستوں کی مجموعی تعداد6222 ہے جبکہ 4212عازمین کو ویٹنگ میں شامل کیا گیا ہے۔

  • Share this:
حج 2019: دہلی کے عازمین حج کے لئے قرعہ اندازی، 2010 عازمین حج کا انتخاب
دہلی کے عازمین حج کے لئے قرعہ اندازی۔

نئی دہلی: ریاست دہلی سے حج بیت اللہ کے مقدس فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے درخواست گذارعازمین کے لیے آج دہلی سکریٹریٹ کے مین آڈیٹوریم میں قرعہ اندازی کی تقریب منعقد کی گئی۔ جس میں  دہلی کے وزیر خوراک و رسد عمران حسین نے شرکت کی۔ اس موقع پر دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیئرمین حاجی محمد اشراق خان، ممبران فیروز احمد، نصرالدین سیفی، ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی، ڈپٹی ایگزیکٹو آفیسر محسن علی، ایس ڈی ایم ہیڈ کواٹر پی آر کوشک کے علاوہ گروپ آف حج اینڈ سوشل ورک آرگنائزیشن کے صدرحاجی محمد ادریس ودیگرذمہ دران اور ممبران بھی موجود تھے۔

واضح ہو کہ قرعہ اندازی کا آغازعمران حسین کے ہاتھوں آن لائن قرعہ اندازی کے افتتاح کے ساتھ کیا گیا۔ دہلی میں مسلمانوں کی آبادی کے تناسب سے اس سال 2010سیٹیں الاٹ کی گئیں ہیں جبکہ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کو اس سال موصول ہونے والی درخواستوں کی مجموعی تعداد6222 ہے، جس میں 70سال سے زائد عمر کے بمع ایک ساتھی کے کل 185درخواستیں موصول ہوئی جبکہ اس پہلی بار12خواتین بغیر محرم کے اور عمومی زمرہ میں 6025 درخواستیں موصول ہوئی ہیں اور آج بذریعہ قرعہ اندازی 1813عازمین کو منتخب کیا گیا جبکہ 4212عازمین کو ویٹنگ میں رکھا گیا۔

اس موقع پر عمران حسین نے کہا کہ دہلی ہندوستان کا دارالخلافہ ہے اور سب سے امبارکیشن پوائنٹ ہے۔ اس لیے یہاں پر دہلی کے شایان شان حج ہائوس کی تعمیر ہونی چاہیے۔ مجوزہ حج ہائو س میں بہت تیزی سے پیش رفت جاری ہے اور بہت جلد اس کے تعمیر کے کام کا افتتاح کیا جائے گا اور کوشش کی جائے گی کہ یہ تعمیری کام جلد سے جلد مکمل کر لیا جائے۔


انہوں نے آگے کہاکہ پچھلے سال ہندوستان اور سعودی عربیہ میں حجاج کرام کو بے انتہا پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ان تمام پریشانیوں کی تدارک کے لیے دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی حج سے متعلق میٹنگ میں اپنی بات پرزور طریقے اور مضبوطی سے رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ حاجیوں کی فلاح و بہبود کے لیے جہاں جہاں میری خدمات کی ضرورت ہے میں وہاں چل کر بات کرنے کے لیے تیار ہوں۔

دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیئرمین حاجی محمد اشراق خان ایم ایل اے نے منتخب ہونے والے عازمین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہم عازمین کی فلاح بہبود کے لیے پر عزم ہیں اور حکومت دہلی کے تعاون سے حجاج کرام کو بہترین سہولیات فراہم کی جارہی ہے۔ اس موقع پر ممبر فیروز احمد نے دہلی حکومت کے اس حج ہائوس کی تعمیر کے تاریخی فیصلے پر دہلی والوں کی جانب سے حکومت دہلی اور وزیر موصوف کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض اشفاق احمد عارفی نے ادا کیے۔ پروگرام کے اختتام پر محسن علی نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔
First published: Jan 09, 2019 11:51 PM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading