نئی دہلی۔ پٹھان کوٹ میں دہشت گردانہ حملے اور دہلی میں دہشت گردوں کے گھسنے کی قیاس آرائی کے پیش نظر شہر میں انتہائی احتیاط برتنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق دہلی میں ہائی الرٹ کا اعلان کیا گیا ہے اور تمام اہم تنصیبات، ریلوے اسٹیشنوں اور بس اڈوں کی سیکورٹی بڑھائی گئی ہے۔ اہم مارکیٹوں اور بھیڑ بھاڑ والے مقامات پر سخت نگاہ رکھی جارہی ہے اور کئی مقامات پر رکاوٹ کھڑی کرکے جانچ کی جارہی ہے۔
دریں اثنا، دہلی پولیس کمشنر بی ایس بسی نے سینئر حکام کے ساتھ سیکورٹی کے نظام پر میٹنگ کی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ دہلی پولیس نے اضافی نیم فوجی دستوں کا مطالبہ کیا ہے۔ پولیس کمشنر نے عوام سے بھی چوکنا رہنے اور کسی بھی مشکوک چیز، شخص یا سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دینے کی اپیل کی ہے۔
اس سے پہلے دہلی سے لکھنؤ جا نے والی شتابدی ایکسپریس میں بم ہونے کی افواہ کے بعد اسے آج غازی آباد ریلوے اسٹیشن پر روک کر سواریوں کو اتار کر تلاشی لی گئی۔ انکوائری کے بعد ہی گاڑی کو آگے جانے دیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ بم کی افواہ کی وجہ سے نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر بہت ٹرینوں کو روکا گیا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ممبئی انسداد دہشت گردی دستے (اے ٹی ایس) کو ایک دھمکی بھرا ای میل ملا تھا، جس میں دہلی سے کانپور جانے والی کسی ایک ٹرین کو بم سے اڑانے کی بات کہی گئی تھی۔ ممبئی اے ٹی ایس نے یہ اطلاع ریلوے بورڈ کو دی۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔