ہوم » نیوز » شمالی ہندوستان

دہلی فسادات : مزید تین ملزمین کو کڑکڑڈوما عدالت سے ملی ضمانت، اب تک 63 ملزمین ضمانت پر رہا

دہلی فساد میں مبینہ طور پرماخوذ مسلم ملزمان کی ضمانت پر رہائی کا سلسلہ جاری ہے ۔ آج مزید3 افرادکی ضمانت کی عرضیاں منظور ہوگئیں ، جو پچھلے ایک سال سے جیل میں تھے۔

  • Share this:
دہلی فسادات : مزید تین ملزمین کو کڑکڑڈوما عدالت سے ملی ضمانت، اب تک 63 ملزمین ضمانت پر رہا
دہلی فسادات : مزید تین ملزمین کو کڑکڑڈوما عدالت سے ملی ضمانت، اب تک 63 ملزمین ضمانت پر رہا

دہلی فساد میں مبینہ طور پرماخوذ مسلم ملزمان کی ضمانت پر رہائی کا سلسلہ جاری ہے ۔ آج مزید3  افرادکی ضمانت کی عرضیاں منظور ہوگئیں ، جو پچھلے ایک سال سے جیل میں تھے۔ قابل ذکر ہے کہ اب تک نچلی عدالت اور دہلی ہائی کورٹ سے کل 63  افراد کی ضمانتیں منظور ہوچکی ہیں ۔ جمعیۃ علما ہند کے وکلا کا پینل کل 139 مقدمے دیکھ رہا ہے ۔ امید کی جاتی ہے کہ جلد ہی دوسرے معاملوں میں بھی پیش رفت ہوگی اور غلط طریقے سے فساد میں ماخوذ کئے گئے باقی ماندہ افراد کی رہائی کا راستہ صاف ہو جائے گا۔


گزشتہ روز دہلی فسادات کے معاملہ میں گرفتارتین ملزمین پرویز، شاہنواز اور محمد شعیب کو مشروط ضمانت پرر ہا کئے جانے کے احکامات کڑکڑڈوما سیشن عدالت نے جاری کئے۔ ان ملزمین کو ایف آئی آر نمبر 138/2020 پولس اسٹیشن گوکلپوری مقدمہ میں ضمانت پر رہائی ملی ہے۔ جمعیۃ علما ہند کی جانب سے ملزمین کی پیروی ایڈوکیٹ ظہیر الدین بابر چوہان اور ان کے معاونین وکلا ایڈوکیٹ دنیش و دیگرنے کی ۔ ملزمین پر تعزیرات ہند کی دفعات 147,148,149,436, 427 (فسادات برپا کرنا، گھروں کو نقصان پہنچانا،غیر قانونی طور پر اکھٹا ہونا) اور پی ڈی پی پی ایکٹ کی دفعہ 3,4 کے تحت مقدمہ قائم کیا گیا تھا ۔


سماعت کے بعد سیشن عدالت کے جج ونود یادو نے اپنے فیصلہ میں کہا کہ ملزمین کے خلاف سی سی ٹی وی فوٹیج نہیں ملے اور ان کے خلاف گواہی دینے والے سرکاری گواہوں نے 46 دنوں کے طویل وقفہ کے بعد اپنا بیان درج کرایا ہے ، جو مشکوک لگتا ہے۔ عدالت نے اپنے فیصلہ میں مزید کہا کہ اسی مقدمہ کا سامنا کررہے پانچ ملزمین ، جس میں محمد طاہر، شاہ رخ، آزاد، رشید اور اشرف علی کی ضمانت منظور کی ہے ۔ لہذا ان تینوں ملزمین کی ضمانت منظور کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے ۔ کیونکہ تمام ملزمین پر الزامات یکساں نوعیت کے ہیں ۔


عدالت نے ملزمین کو حکم دیا کہ ضمانت پر رہا ہونے کے بعد ان کے خلاف موجودثبوت وشواہد سے چھیڑ چھاڑ نہیں کریں گے اور اور پولس اسٹیشن اور عدالت میں ضرورت پڑنے پر حاضر ہوں گے ۔ عدالت نے ملزمین کو موبائل میں اروگیہ سیتو اپلیکشن بھی ڈاؤن لوڈ کرنے کا حکم دیا۔

جمعیۃ علما ہند کے صدرمولانا سید ارشد مدنی نے آج اپنے ایک بیان میں ان تین نوجوانوں کی رہائی پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ ہمارے وکلا کی ٹیم اس معاملہ میں دن رات محنت کررہی ہے اور یہ اسی محنت کا نتیجہ ہے کہ حوصلہ بخش نتائج سامنے آرہے ہیں ۔ مولانا مدنی نے کہا کہ دہلی فساد کے مقدمات میں اب تک 63 معاملات میں ملزمین کی ضمانت پر رہائی یہ بتاتی ہے کہ کارروائی کی آڑ میں امتیازی رویہ اپناتے ہوئے پولیس نے بے گناہ لوگوں کو جیلوں میں ٹھونس دیا تھا ۔
Published by: Imtiyaz Saqibe
First published: Mar 12, 2021 09:49 PM IST