ہوم » نیوز » شمالی ہندوستان

دہلی تشدد: فساد متاثرین کی باز آبادکاری کے لئے جماعت اسلامی اور دہلی وقف بورڈ کریں گے مل کر کام

امانت اللہ خان کا کہنا ہے کہ ہم متاثرین کی ہر ممکن راحت رسانی کے ساتھ ان کی بازآباد کاری کریں گے اور جن لوگوں کے کاروبار تباہ ہوگئے ہیں انھیں ان کے پاؤں پر پھر سے کھڑا کریں گے۔ دہلی وقف بورڈ کی اسی جدوجہد کا نتیجہ ہے کہ آج ملت اسلامیہ اور ہندوستان کی ایک مؤقر تنظیم جماعت اسلامی ہند نے فساد متاثرین کی بازآبادکاری کے لئے دہلی وقف بورڈ کے ساتھ اشتراک کا فیصلہ کیا ہے

  • Share this:
دہلی تشدد:  فساد متاثرین کی باز آبادکاری کے لئے جماعت اسلامی اور دہلی وقف بورڈ کریں گے مل کر کام
امانت اللہ خان کا کہنا ہے کہ ہم متاثرین کی ہر ممکن راحت رسانی کے ساتھ ان کی بازآباد کاری کریں گے اور جن لوگوں کے کاروبار تباہ ہوگئے ہیں انھیں ان کے پاؤں پر پھر سے کھڑا کریں گے۔ دہلی وقف بورڈ کی اسی جدوجہد کا نتیجہ ہے کہ آج ملت اسلامیہ اور ہندوستان کی ایک مؤقر تنظیم جماعت اسلامی ہند نے فساد متاثرین کی بازآبادکاری کے لئے دہلی وقف بورڈ کے ساتھ اشتراک کا فیصلہ کیا ہے

شمال۔مشرقی دہلی میں ہونے والے فسادات میں جانوں کے اتلاف کے ساتھ ساتھ بھاری بھرکم مالی نقصان بھی ہوا ہے جس میں بڑے پیمانے پر مسلم طبقہ کے مکانات و کاروبار کو نشانہ بنایاگیا اور سینکڑوں مکانوں کے ساتھ ساتھ دکانوں کو بھی نذر آتش کردیا گیا۔ شیو وہار کے علاقے میں بڑے پیمانے پر گھروں میں آگ زنی کی گئی ہے  تو وہیں گوکل پوری کی پوری ٹائر مارکیٹ جس میں اکثردکانیں اقلیتی طبقہ کی تھیں نہ صرف انھیں لوٹ لیا گیا بلکہ جلاکر راکھ کے ڈھیر میں بد ل دیا گیا۔ دہلی وقف بورڈ پہلے ہی دن سے متاثرین کی راحت رسانی اور بازآبادکاری کے لئے سرگرم ہے اور بورڈ کے چیئرمین امانت اللہ خان کی نگرانی میں وقف بورڈ کی ریلیف کمیٹی ایک جامع منصوبہ کے تحت متاثرین کی بازآبادکاری کے لئے کام کر رہی ہے۔ دہلی وقف بورڈ کے چیئرمین امانت اللہ خان خود ہروقت کمیٹی کی کارگزاری پر نگاہ رکھے ہوئے ہیں اور روز مرہ کی سرگرمیوں کی رپورٹ لے رہے ہیں۔


امانت اللہ خان کا کہنا ہے کہ ہم متاثرین کی ہر ممکن راحت رسانی کے ساتھ ان کی بازآباد کاری کریں گے اور جن لوگوں کے کاروبار تباہ ہوگئے ہیں انھیں ان کے پاؤں پر پھر سے کھڑا کریں گے۔ دہلی وقف بورڈ کی اسی جدوجہد کا نتیجہ ہے کہ آج ملت اسلامیہ اور ہندوستان کی ایک مؤقر تنظیم جماعت اسلامی ہند نے فساد متاثرین کی بازآبادکاری کے لئے دہلی وقف بورڈ کے ساتھ اشتراک کا فیصلہ کیا ہے اور اب جماعت اسلامی ہند اور دہلی وقف بورڈ ایک دوسرے کے شانہ بشانہ متاثرین کی باز آبادکاری کے منصوبہ پر کام کریں گے اور ایک دوسرے کا تعاون کریں گے۔ اس سلسلہ میں جماعت اسلامی ہند کے ایک مؤقر وفد نے آج دفتر دہلی وقف بورڈ دریا گنج میں چیئرمین امانت اللہ خان سے ملاقات کی اور ساتھ ملکر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ وفد میں شامل جماعت اسلامی ہند کے سکریٹری محمد احمد نے اس موقع پر کہا کہ دہلی وقف بورڈ فسادات متاثرین کی راحت رسانی و بازآبادکاری کے لئے اچھا کام کر رہاہے اس لئے جماعت اسلامی نے طے کیاہیکہ متاثرین کی جامع بازآبادکاری کے لئے دہلی وقف بورڈ کے ساتھ ملکر کام کریں۔


انہوں نے آگے کہاکہ متاثرہ علاقوں میں جماعت اسلامی ہند پہلے سے کام کرہی ہے اور اس کے رضاکار متاثرین کی راحت رسانی میں مصروف ہیں لیکن جامع پیمانے پر متاثرین کی راحت رسانی کے لئے ہم نے یہ فیصلہ لیا کہ دہلی وقف بورڈ کے ساتھ ملکر کام کریں اور دونوں ادارے جن کا مقصد متاثرین کی مدد کرنا ہے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ متاثرین کا سروے دہلی وقف بورڈ کرارہاہے اس لئے جہاں ضرورت ہوگی جماعت کے لوگ بورڈ کے اہلکاروں کے ساتھ ملکر متاثرین تک پہونچیں گے اور جو مساجد،مکانات اور دکانیں تباہ ہوئی ہیں ان کی مرمت کے ساتھ ازسر نوتعمیر کریں گے۔


دہلی وقف بورڈ کے چیئرمین امانت اللہ خان نے جماعت اسلامی کے وفد کا گرم جوشی کے ساتھ استقبال کیا اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی بھی متاثرہ علاقوں میں اچھا کام کر رہی ہے لیکن دونوں اداروں کے اشتراک اور تعاون سے ہم متاثرین کی بہتر مدد کر پائیں گے۔امانت اللہ خان نے آگے کہاکہ جماعت اسلامی ہند اور دہلی وقف بورڈ نے متاثرین کی باز آبادکاری کے لئے ایک دوسرے کے ساتھ اشتراک کا فیصلہ کیاہے۔ یہ بڑی خوش آئند بات ہے اور ہم وفد کا تہ دل سے خیر مقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سے معاشرہ میں مثبت پیغام جائے گا اور منصوبہ بند طریقہ سے متاثرین کی مدد ہوسکے گی۔ امانت اللہ خان نے آگے بتایا کہ ہم نے مساجد میں مرمت کا کام شروع کرادیا ہے اور گوکل پوری ٹائر مارکیٹ کی دکانوں کی ازر نو تعمیر کاکام بھی شروع ہوگیاہے، انشاء اللہ پہلے سے بھی اچھی حالت میں ہم متاثرین کو ان کی دکانیں واپس کریں گے۔

غور طلب ہیکہ فسادات متاثرین کی مدد کے لئے لوگ دہلی وقف بورڈ میں نقد اور سامان سے خوب تعاون کر رہے ہیں جبکہ تنظیمیں بھی وقف بورڈ پر اعتماد کرتے ہوئے تعاون میں بورڈ کے ساتھ اشتراک کر رہی ہیں۔ دہلی وقف بورڈ نے عید گاہ مصطفی آباد میں متاثرین کی راحت رسانی کے لئے وسیع کیمپ لگایا ہوا ہے جہاں متاثرین کی ہر ممکن راحت رسانی کا خیال رکھا جارہاہے،ساتھ ہی بورڈ کا عملہ متاثرہ علاقوں کا سروے کرنے میں مصروف ہے اور مساجد کے ساتھ نذر آتش کئے گئے مکانوں اور اور دوکانوں کی مرمت و ازسر نو تعمیر کا کام بھی شروع کردیا گیا ہے۔ساتھ ہی کوئی متاثر اگر وقف بورڈ آکر مدد کی درخواست کرتا ہے تو فوری طور پر بورڈ آفس سے نقد تعاون کیا جاتا ہے۔ امانت اللہ خان کا کہنا ہے کہ فسادات میں ملے زخم تو شائد اتنی جلدی مندمل نہ ہوسکیں تاہم ان کی باز آباد کاری کرکے ہم متاثرین کے زخموں پر مرہم رکھنے کاکام کر رہے ہیں۔
First published: Mar 11, 2020 09:25 PM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading