ہوم » نیوز » شمالی ہندوستان

تعلیم سے ملک کی تقدیر بدلے گی، جگدیش گاندھی نے کیا طلبا و طالبات کو 26 لاکھ کے انعامات تقسیم کرنے کا اعلان

جگدیش گاندھی مانتے ہیں کہ دنیا کی ساری برائیوں کا خاتمہ صرف اور صرف تعلیمی فروغ کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

  • Share this:
تعلیم سے ملک کی تقدیر بدلے گی، جگدیش گاندھی نے کیا طلبا و طالبات کو 26 لاکھ کے انعامات تقسیم کرنے کا اعلان
جگدیش گاندھی نے کیا طلبا و طالبات کو 26 لاکھ کے انعامات تقسیم کرنے کا اعلان

لکھنئو۔ سی ایم ایس کے بانی معروف ماہر تعلیم و سماجی کارکن جگدیش گاندھی نے کہا ہے کہ ملک کی تقدیر کا فیصلہ وہ بچے کریں گے جو میدان تعلیم میں غیر معمولی کارکردگی پیش کررہے ہیں۔ جگدیش گاندھی مانتے ہیں کہ دنیا کی ساری برائیوں کا خاتمہ صرف اور صرف تعلیمی فروغ کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ جس ملک میں زیادہ لوگ تعلیم یافتہ ہوں گے وہ ملک اتنی ہی ترقی کرے گا۔ اس بار سٹی مانٹسری اسکول کے آئی ایس سی اور آئی سی ایس ای کے بچوں نے جو غیر معمولی کامیابی حاصل کی ہے اس نے اسکول کے گزشتہ سارے رکارڈ توڑ دیے ہیں۔ یوں تو اس بار امتحانات میں بیٹھے سبھی بچوں نے کامیابی حاصل کی ہے لیکن 54 فیصد بچے ایسے ہیں جنہوں نے نوے فیصد سے نناوے فیصد نمبر حاصل کرکے سابقہ تمام ریکارڈ توڑ دئے ہیں۔


ان طلباء میں سے میرٹ کی بنیاد پر ایسے پچیس بچوں کا انتخاب کیا گیا ہے جنہیں ایک ایک لاکھ روپئے پر مشتمل رقم بطور انعام پیش کی جائے گی۔ آئی ایس سی کے آل انڈیا ٹاپر سُمِت کمار ترپاٹھی کو دو لاکھ روپئے کی رقم بطور انعام دی جائے گی جبکہ چوبیس طلبا وطالبات کو ایک ایک لاکھ روپئے کے چیک بطور انعام پیش کئے جائیں گے۔ اس موقع پر ، ہیڈ انٹرنیشنل رِلیشن شِشِر شریواستو نے واضح کیا کہ آن لائن پریس کانفرنس کے ذریعے اسکول کے فاونڈر جگدیش گاندھی نے بچوں کی حوصلہ افزائی کے لئے ان انعامات کا اعلان کیا ہے۔ کورونا وبا کے پیش نظر آن لائن پروگرام منظم کیا گیا۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ان بڑے انعامات کے ساتھ ساتھ کچھ ایسے انعامات بھی اچھی کارکردگی پیش کرنے والے طلبا و طالبات کو پیش کیے جاتے ہیں جن کے ذریعے بچوں کی حوصلہ افزائی بھی ہوتی رہے اور بہتر تعلیمی نظام بھی پروان چڑھتا رہے۔


یہاں یہ بات بھی قابل غور ہے کہ جگدیش گاندھی نے کورونا کے اس دور میں سماجی سطح پر بھی اور سرکاری سطح پر بھی حکومت کو سی ایم ایس کی جانب سے غیر معمولی مالی تعاون پیش کیا ہے۔جگدیش گاندھی کی زندگی کا بنیادی مقصد یہی ہے کہ سماج کا ہر بچہ بہترین تعلیم حاصل کرکے اپنے معاشرے اور ملک کی تعمیر میں تعاون پیش کرسکے۔

Published by: Nadeem Ahmad
First published: Jul 18, 2020 12:36 PM IST