الہ آباد۔ رمضان کا آخری عشرہ شروع ہوتے ہی عید کی تیاریاں زورو شور سے شروع ہو گئی ہیں ۔ لیکن اس بار رمضان کا آخری عشرہ شدید گرمی میں پڑنے کی وجہ سےعید کے لئے خریداری متاثر ہو رہی ہے ۔ عید سے پہلے بازاروں میں جیسی چہل پہل ہوا کرتی تھی ویسی نظر نہیں آ رہی ہے ۔ دکاندار اس مندی سے سخت پریشان ہیں ۔
الہ آباد میں عید کے موقع پر لگنے والے خصوصی بازار سج گئے ہیں ۔ بازار کی خاص رونق الہ آباد کی مشہور سوئیاں ہیں ۔ لیکن اس بار شہر کا عید بازار کچھ سو نا سونا سا ہے ۔ بازار میں سناٹے کی سب سے بڑی وجہ ان دنوں پڑنے والی شدید گرمی بتائی جا رہی ہے ۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ سخت گرمی کی وجہ سے خریدار بازار کا رخ نہیں کر رہے ہیں ۔
ایسا نہیں ہے کہ صرف دن میں ہی بازاروں پرمندی کا اثر ہے۔ شام کو بھی بازاروں میں خریداروں کی کمی دکھائی دے رہی ہے۔ عید میں تیار ہونے والی خاص ڈش یعنی سوئیاں کی خریداری رمضان کے آخری عشرے میں زور و شور سےشروع ہو جاتی ہے ۔ عید کے موقع پر تیار ہونے والی قسم قسم کی سوئیاں ہوتی ہیں ۔ یہ خاص سوئیاں الہ آباد کے علاوہ قرب و جوار کے علاقوں تک میں بھیجی جاتی ہیں۔ لیکن اس بار عید بازار میں سناٹا چھایا ہوا ہے ۔
عید کے موقع پر جن بازاروں میں تل دھرنے کی جگہ نہیں ہوتی تھی ۔اب ان بازاروں میں دکاندار گاہکوں کا انتظار کرتے نظر آ رہے ہیں ۔اس بار عید کے جوش و خروش پر فی الحال موسم کی مار حاوی ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔