ہوم » نیوز » شمالی ہندوستان

مشکل میں پھنسی اسمرتی ایرانی ، کار ٹکر میں مرنے والی ڈاکٹر کی بیٹی نے کہا : ایرانی نے نہیں کی کوئی مدد

گریٹر نوئیڈا : یمنا ایکسپریس وے پر فروغ انسانی وسائل کی وزیر اسمرتی ایرانی کار حادثہ معاملہ میں مشکل میں گھرتی نظر آرہی ہیں ۔ حادثہ میں ہلاک ڈاکٹر کے بیٹے اور بیٹی نے اسمرتی ایرانی کے دعووں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ان کی کوئی مدد نہیں کی۔

  • Pradesh18
  • Last Updated: Mar 07, 2016 02:09 PM IST
  • Share this:
  • author image
    NEWS18-Urdu
مشکل میں پھنسی اسمرتی ایرانی ، کار ٹکر میں مرنے والی ڈاکٹر کی بیٹی نے کہا : ایرانی نے نہیں کی کوئی مدد
اسمرتی ایرانی: فائل فوٹو

گریٹر نوئیڈا : یمنا ایکسپریس وے پر فروغ انسانی وسائل کی وزیر اسمرتی ایرانی کار حادثہ معاملہ میں مشکل میں گھرتی نظر آرہی ہیں ۔ حادثہ میں ہلاک ڈاکٹر کے بیٹے اور بیٹی نے اسمرتی ایرانی کے دعووں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ان کی کوئی مدد نہیں کی۔

یمنا ایکسپریس وے پر حادثے کا شکار کنبہ کا کہنا ہے کہ ان لوگوں نے اسمرتی ایرانی سے ہاتھ جوڑ کر مدد مانگی تھی، لیکن وزیر نے مدد نہیں کی اور گاڑی میں بیٹھ کر چلی گئیں۔ اہل خانہ کے مطابق دہلی کے ایک کنبہ نے ان کی مدد کی تھی۔ ڈاکٹر کی بیٹی نے کہا کہ اسمرتی ایرانی گاڑی میں بیٹھ کر چلی گئیں ، لیکن دہلی کے ایک کنبہ نے ایمبولینس بلائی اور ان کے والد کو اسپتال بھیجا۔ مہلوک ڈاکٹر کے بیٹے نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کروایا ہے۔

حادثے میں ہلاک رمیش کمار ناگر کی بیٹی سندلي نے ای ٹی وی سے بات چیت میں کہا کہ وزیر نے ہمیں مدد کرنے سے صاف انکار کر دیا تھا۔ سندلي کے مطابق '' حادثہ کے بعد ہم نے پاپا کو جلد اسپتال لے جانے کی بات کی تھی ، لیکن کوئی تیار نہیں ہوا۔ اس درمیان اسمرتی ایرانی نیچے اتریں اور پاپا کو دیکھنے کے بعد پھر گاڑی میں بیٹھ گئیں۔ اس کے بعد شیشہ چڑھایا اور نکل گئیں۔ بیٹے ابھیشیک نے کہا کہ  انہوں نے ایک بار بھی ہماری حالت جاننے کی کوشش نہیں کی۔

خیال رہے کہ حادثہ کے بعد اسمرتی ایرانی نے ٹویٹ کر کے بتایا تھا کہ وہ محفوظ ہیں اور انہوں نے زخمیوں کو اسپتال بھجوا دیا ہے۔ واضح رہے کہ 5 مارچ کو متھرا سے بی جے پی کے پروگرام سے لوٹتے ہوئے فروغ انسانی وسائل کی وزیر اسمرتی ایرانی کی کار یمنا ایکسپریس وے پر حادثہ کا شکار ہو گئی تھی، جس میں ایک شخص کی موت ہو گئی تھی۔

First published: Mar 07, 2016 02:09 PM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading