ہوم » نیوز » شمالی ہندوستان

دہلی: گارگی کالج میں چھیڑخانی کی مخالفت میں طالبات کا دھرنا، پولیس نے درج کی ایف آئی آر

طالبات کی گارگی کالج میں چھ فروری کو سالانہ تقریب تھی ۔ اس دوران کچھ شرپسند مبینہ طور پر کالج کی دیوار پھاند کر اندر گھس آئے اور طالبات کے ساتھ چھیڑخانی کی ۔

  • Share this:
دہلی: گارگی کالج میں چھیڑخانی کی مخالفت میں طالبات کا دھرنا، پولیس نے درج کی ایف آئی آر
دہلی: گارگی کالج میں چھیڑخانی کی مخالفت میں طالبات کا دھرنا، پولیس نے درج کی ایف آئی آر

نئی دہلی۔ دہلی یونیورسیٹی کے گارگی کالج میں ہوئی چھیڑخانی کے معاملہ میں پولیس نے ایف آئی آر درج کی ہے۔ اے این آئی کی خبر کے مطابق، گارگی کالج انتظامیہ نے یہ شکایت درج کرائی ہے۔ اس معاملہ میں تعزیرات ہند کی دفعہ 452، 354، 509 اور 34 کے تحت معاملہ درج کیا جا رہا ہے۔ یہ ایف آئی آر حوض خاص تھانہ میں درج کرائی گئی ہے۔ گارگی کالج کی طالبات احتجاج کر رہی ہیں۔ وہیں، دہلی خواتین کمیشن کی ایک ٹیم آج کیمپس پہنچی اور پورے واقعہ کی جانکاری لی۔ وہیں، کانگریس نے بھی اس معاملہ کو لوک سبھا میں اٹھایا ہے۔



دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے پیر کے روز گارگی کالج میں طالبات کے ساتھ ہوئی بدسلوکی کو انتہائی افسوسناک اور مایوس کن قرار دیتے ہوئے قصورواروں کو سخت سے سخت سزا دئے جانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ طالبات کی گارگی کالج میں چھ فروری کو سالانہ تقریب تھی ۔ اس دوران کچھ شرپسند مبینہ طور پر کالج کی دیوار پھاند کر اندر گھس آئے اور طالبات کے ساتھ چھیڑخانی کی ۔ کیجریوال نے گارگی کالج کی طالبات کے ساتھ پیش آئے واقعہ پر کہا’’ گارگی کالج میں ہماری بیٹیوں کے ساتھ بدسلوکی انتہائی افسوسناک اور مایوس کن ہے ۔ اسے قطعی برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ قصورواروں کو سخت سے سخت سزا ملنی چاہئے اور یہ یقینی بنایا جائے کہ ہمارے کالجوں میں پڑھنے والے بچے محفوظ ہیں ‘‘۔

دوسری طرف، گارگی کالج میں طالبات کے ساتھ بد سلوکی کے واقعہ کی حکومت جانچ کر رہی ہے ۔ مرکزی وزیر برائے انسانی وسائل کے فروغ رمیش پوکھریال نشنک نے پیر کے روز ٹویٹ کر کے یہ معلومات دی ۔ انہوں نے اس واقعہ کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے اس پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس واقعہ کو انجام باہر ی لوگوں نے دیا ہے ۔ اس کی جانچ کی جا رہی ہے ۔ انہوں یہ بھی کہا کہ کالج انتظامیہ کو اس پر توجہ دینے کے لئے کہا گیا ہے اور قصورواروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت دی گئی ہے۔

یو این آئی، اردو کے ان پٹ کے ساتھ
First published: Feb 10, 2020 06:20 PM IST