ہوم » نیوز » شمالی ہندوستان

نئی دہلی سے آگرہ کے درمیان چلی ملک کی سب سے تیز رفتار ٹرین

نئی دہلی۔ ملک کی سب سے تیز رفتار چلنے والی ٹرین گتمان ایکسپریس قومی دارالحکومت دہلی اور سیاحوں کے سب سے پسندیدہ مقام آگرہ کے درمیان آج سے چلنے لگی ۔

  • UNI
  • Last Updated: Apr 05, 2016 01:02 PM IST
  • Share this:
  • author image
    NEWS18-Urdu
نئی دہلی سے آگرہ کے درمیان چلی ملک کی سب سے تیز رفتار ٹرین
نئی دہلی۔ ملک کی سب سے تیز رفتار چلنے والی ٹرین گتمان ایکسپریس قومی دارالحکومت دہلی اور سیاحوں کے سب سے پسندیدہ مقام آگرہ کے درمیان آج سے چلنے لگی ۔

نئی دہلی۔ ملک کی سب سے تیز رفتار چلنے والی ٹرین گتمان ایکسپریس قومی دارالحکومت دہلی اور سیاحوں کے سب سے پسندیدہ مقام آگرہ کے درمیان آج سے چلنے لگی ۔ ریلوے کے وزیر سریش پربھو نے صبح دس بجے حضرت نظام الدین ریلوے اسٹیشن کے نئے احاطے اور آگرہ اسٹیشن پر آئی آر سی ٹی سی کے ایگزیکیوٹیو لانج کے افتتاح کے ساتھ ہی گتی مان ایکسپریس کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستانی ریلوے کی تاریخ میں ایک نئے باب کا اضافہ ہوگیا۔ حضرت نظام الدین ریلوے اسٹیشن پر منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر پربھو نے اعلان کیا کہ ریلوے کا مشن اسپیڈ بھی آج سے شروع ہوگیا ہے اور اب ملک کی تمام پسنجر ، میل ایکسپرس، سپر فاسٹ ، شتابدی راجدھانی، دورنتو وغیرہ گاڑیوں کی رفتار بھی بڑھائی جائے گی۔


انہوں نے کہا کہ ریلوے کے رفتار بڑھانے کے منصوبہ کے تحت 2020تک تمام گاڑیوں کی حقیقی اور اوسط رفتار میں اضافہ کیا جائے گا۔ اس موقع پر مشرقی دہلی کے ممبر پارلیمنٹ مہیش گر ی نے مطالبہ کیا کہ حضرت نظام الدین اور آنند وہار اسٹیشن کے ارد گرد پانچ کلومیٹر کے دائرے کو اسمارٹ ایریا کے طور پر ڈیولپ کرکے اس علاقے میں آمدروفت ، جام اور غیر قانونی قبضہ کے مسئلے کو حل کیا جائے۔ پروگرام میں جنوبی دہلی میونسپل کارپوریشن کے مےئر سبھاش آریہ ، ریلوے بورڈ کے چےئرمین اے کے متل اور شمالی ریلوے کے منیجنگ ڈائریکٹر اے کے پوٹھیا بھی موجود تھے۔


یہ ٹرین حضرت نظام الدین سے آگرہ کے درمیان 192کلومیٹر کی دوری 160کلومیٹر فی گھنٹہ کی زیادہ سے زیادہ رفتار سے طے کرکے ایک گھنٹہ چالیس منٹ میں آگرہ پہنچے گی۔ ٹرین میں جنرل ایل بی ایچ کوچ ہوں گے اور انجن ڈبلیو اے پی ۔5 ہوگا جس کی صلاحیت5500ہارس پاور ہے۔ جمعہ کو چھوڑ کر یہ گاڑی ہفتے میں چھ دن چلا کرے گی۔ شتابدی ایکسپریس کی طرز پر اس میں دو ایگزیکیوٹیو کلاس او راٹھ اے سی چےئر کار ہوں گے ۔ جس کا کرایہ بالترتیب 1500روپے اور 750روپے ہوگا۔




ٹرین ہوسٹس کے ساتھ ہی آپ اس تصویر کے ذریعے اندرونی حصوں کا بھی اندازہ لگا سکتے ہیں۔
ٹرین ہوسٹس کے ساتھ ہی آپ اس تصویر کے ذریعے اندرونی حصوں کا بھی اندازہ لگا سکتے ہیں۔

 گتی مان ایکسپرس میں کسی بھی طرح کا رعایتی ٹکٹ نہیں دیا جائے گا۔سب کو پورا کرایہ دینا ہوگا۔ ریلوے کے ذرائع کے مطابق اس ٹرین میں کھانا ہندوستانی اور کانٹینیٹل دونوں طرح کے پیش کئے جائیں گے۔ مسافروں کو اپما، ڈوسہ، آلو کلچہ، چکن رول، آملیٹ، کیک وغیرہ بھی دستیاب کرائے جائیں گے۔ گاڑی میں انفوٹنمنٹ کے لئے لائیو ٹی وی سروس دی جائے گی۔ پرائیوٹ کمپنی مائی فری ٹی وی ڈاٹ ان کے ساتھ ہوئے معاہدہ کے تحت مسافروں کو مفت ویڈیو ڈاون لوڈنگ کی سہولت دی جائے گی۔ اینڈرائیڈ فون پر مسافر من پسند فلم یا گانے ڈاون لوڈ کرکے کبھی بھی دیکھ سکیں گے اور لائیو بھی دیکھ سکیں گے۔ افتتاحی سفر کے بعد چھ اپریل سے گتی مان حضرت نظام الدین اسٹیشن سے روزانہ آٹھ بجکر دس منٹ پر روانہ ہوکر نو بجکر پچاس منٹ پر آگرہ کینٹ اسٹیشن پہنچے گی۔ واپسی میں یہ ٹرین آگرہ کینٹ سے شام پانچ بجکر 50منٹ پر روانہ ہوگی اور سات بجکر تیس منٹ پر حضرت نظام الدین ریلوے اسٹیشن پہنچے گی۔


شمالی ریلوے نے اپنے اشتہار میں دہلی آگرہ ریل روٹ کے آس پاس لوگوں سے اس ٹرین کے گذرنے کے وقت چوکنا رہنے اور ٹریک سے دور رہنے کی اپیل کی ہے۔

First published: Apr 05, 2016 01:01 PM IST