ہوم » نیوز » شمالی ہندوستان

گیان واپی مسجد تنازع کو لے کر مسلم پرسنل لا بورڈ نے جاری کیا بیان ، کہی یہ بڑی بات

بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلمانوں سے گزارش ہے کہ وہ اس سلسلہ میں مایوسی کا شکار نہ ہوں، مسجد کمیٹی اور سنی وقف بورڈ پوری قوت کے ساتھ اس مقدمہ کی پیروی کر رہا ہے اور آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ اور اس کی لیگل کمیٹی اس پر اپنی نظر رکھے ہوئی ہے اور تعاون بھی کر رہی ہے ۔

  • Share this:
گیان واپی مسجد تنازع کو  لے کر  مسلم پرسنل لا بورڈ  نے جاری کیا بیان ، کہی یہ بڑی بات
گیان واپی مسجد تنازع کو لے کر مسلم پرسنل لا بورڈ نے جاری کیا بیان ، کہی یہ بڑی بات

نئی دہلی : گیان واپی مسجد بنارس کے قضیہ کے سلسلہ میں مولانا خالد سیف اللہ رحمانی ، کارگزار جنرل سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے اپنے پریس نوٹ میں کہا ہے کہ 1991 میں قانون” تحفظ عبادت گاہ“ کا جو قانون بنا ، اس کے تحت 15 اگست 1948 کو جہاں جو عبادت گاہ تھی، اس کی وہی پوزیشن مانی جائے گی، اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی جا سکتی ۔ اس قانون کے پاس ہونے کے بعد فرقہ پرستوں کی طرف سے گیان واپی مسجد کے سلسلہ میں عدالت میں درخواست دائر کی گئی کہ اس جگہ پہلے ایک مندر تھا، اس کی تحقیق کی جائے ۔


ظاہر ہے کہ اس قانون کے آنے کے بعد اب اس کی گنجائش باقی نہیں رہی ، چنانچہ مسجد کی کمیٹی اور سنی وقف بورڈ اترپردیش نے اس درخواست کی مخالفت کی اور ایک مرحلہ پر یہ درخواست خارج کر دی گئی ؛ لیکن دوبارہ یہ معاملہ سول کورٹ تک پہنچا، اور مسجد کمیٹی کی پیروی کی بنیاد پر ہائی کورٹ نے اس پر اسٹے لگا دیا؛ مگر افسوس کی بات ہے کہ اس کے باوجود سول کورٹ کے ایک جج نے مسجد کی زمین کا سروے کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے، یہ قانون سے کھلواڑ ہے اورقطعا ناقابل قبول ہے ۔


مسجد کمیٹی اور سنی وقف بورڈ اس سلسلہ میں الٰہ آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر رہا ہے ۔ مسلمانوں سے گزارش ہے کہ وہ اس سلسلہ میں مایوسی کا شکار نہ ہوں، مسجد کمیٹی اور سنی وقف بورڈ پوری قوت کے ساتھ اس مقدمہ کی پیروی کر رہا ہے اور آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ اور اس کی لیگل کمیٹی اس پر اپنی نظر رکھے ہوئی ہے اور تعاون بھی کر رہی ہے، ان شاء اللہ فرقہ پرستوں کی سازشیں ناکام ونامراد ہوں گی ۔

Published by: Imtiyaz Saqibe
First published: Apr 11, 2021 11:59 PM IST