اپنا ضلع منتخب کریں۔

    کشمیری عازمین حج کی مدینہ منورہ روانگی شروع، گورنر ووہرا نے عازمین کو رخصت کیا

    مدینہ منورہ روانگی کے موقع پر بیشتر عازمین جذباتی اور آبدیدہ نظر آئے۔: فوٹو، یو این آئی۔

    مدینہ منورہ روانگی کے موقع پر بیشتر عازمین جذباتی اور آبدیدہ نظر آئے۔: فوٹو، یو این آئی۔

    سری نگر۔ فریضہ حج کے لئے کشمیری عازمین کی مدینہ منورہ روانگی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

    • UNI
    • Last Updated :
    • Share this:

      سری نگر۔ فریضہ حج کے لئے کشمیری عازمین کی مدینہ منورہ روانگی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ ہفتہ کو مدینہ منورہ روانہ ہونے والے پہلے قافلے میں 820 حجاج کرام شامل تھے۔ سری نگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے عازمین حج کے پہلے قافلے کو ریاستی گورنر نریندر ناتھ ووہرا نے اپنے مشیر خورشید احمد گنائی، صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان، پولیس سربراہ ڈاکٹر شیش پال وید اور انتظامیہ کے اعلیٰ افسران کی موجودگی میں رخصت کیا۔ گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے اس موقع پر نامہ نگاروں کو بتایا کہ ریاست سے امسال 10 ہزار 183 عازمین سفر محمود پر روانہ ہوں گے جن میں سے قریب 600 عازمین نے نئی دہلی امبارکیشن پوائنٹ کا انتخاب کیا ہے۔


      انہوں نے کہا کہ حج کمیٹی نے تمام تر انتظامات کئے ہیں۔ ریاست کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے ہماری حاجی صاحبان پہلے حج ہاوس سری نگر پہنچتے ہیں۔ ائرپورٹ سے ہر روز چار پروازیں مدینہ منورہ کے لئے اڑان بھریں گی۔ تمام حاجی صاحبان انتظامات سے مطمئن اور خوش ہیں‘۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ جموں وکشمیر سے اس برس 10 ہزار 183 عازمین سفرمحمود پر روانہ ہو رہے ہیں جن میں کشمیر سے 8 ہزار 419 ، جموں کے 1 ہزار 639 اور صوبہ لداخ کے 125عازمین شامل ہیں۔ عازمین حج کی روانگی کا سلسلہ 25جولائی 2018تک جاری رہے گا۔عازمین کی تمام پروازیں سری نگر سے مدینہ منورہ جائیں گی۔ ضلع مجسٹریٹ سری نگر سید عابد رشید شاہ نے کہا کہ عازمین حج کی مدینہ منورہ روانگی کے لئے ہر روز ائرانڈیا کی چار پروازیں چلیں گی۔ انہوں نے کہا ’ہم نے حج ہاوس سری نگر سے حاجی صاحبان کے پہلے قافلے کو روانہ کیا ہے۔ آج تقریبا 800 عازمین سفر محمود پر روانہ ہوجائیں گے۔ ہر روز چار پروازیں چلائی جائیں گی۔ حاجی صاحبان کی سہولیت کے لئے ہر ضروری انتظامات کئے گئے ہیں‘۔


      مدینہ منورہ روانگی کے موقع پر بیشتر عازمین جذباتی اور آبدیدہ نظر آئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اللہ کے گھر ’خانہ کعبہ‘ میں وادی میں امن وامان کی بحالی، خوشحالی اور ترقی کے لئے دعا کریں گے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مدینہ منورہ روانہ ہونے والا پہلا قافلہ820 حجاج کرام پر مشتمل ہے۔ انہوں نے بتایا ’820 عازمین حج پر مشتمل پہلا قافلہ ائر انڈیا کی چار پروازوں کے ذریعہ مدینہ منورہ کے لئے روانہ ہوگیا ہے‘۔ حج ہاؤس سری نگر سے ائرپورٹ کی طرف روانہ ہونے والے عازمین حج کو عزیز واقارب کی ایک بڑی تعداد رخصت کرنے آئی تھی۔ حج ہاوس سے ضلع مجسٹریٹ سری نگر سید عابد رشید نے عازمین حج کے پہلے قافلے کو جھنڈی دکھا کر سری نگر کے ہوائی اڈے کے لئے روانہ کیا۔ عازمین نے حج ہاوس سری نگر میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ ہم بے حد خوش ہیں کہ ہم حج کی سعادت حاصل کرنے کے لئے مدینہ منورہ روانہ ہورہے ہیں۔ ایک عازم نے کہا ’مجھ میں گھبراہٹ بھی ہے اور خوشی بھی ہے۔ گھبراہٹ اس وقت پیدا ہوتی ہے جب یہ سوچتا ہوں کہ میں کہاں جارہا ہوں۔ میں خوش اس لئے ہوں کہ ایک طویل عرصے کے بعد میرا یہ خواب پورا ہوا ہے۔ طویل انتظار کے بعد اللہ تعالیٰ نے مجھے یہ موقع فراہم کیا ہے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا کہ وہ میرا اور میرے ساتھیوں کا حج قبول فرمائے‘۔




      فوٹو، یو این آئی۔
      فوٹو، یو این آئی۔

      انہوں نے کہا ’ہم اللہ سے دعا کریں کہ کشمیر میں ایسے ماحول پیدا ہو جس میں ہم امن و سکون میں اپنی زندگی گذر بسر کرسکیں۔ ہم کشمیر میں قیام امن کے لئے دعا کریں گے۔ وہاں ہماری دعا ضرور قبول ہوجائے گی‘۔ عازمین کے ایک گروپ نے کہا ’ہم وہاں اللہ تعالیٰ سے دعا کریں گے کہ وہ کشمیری قوم کو اپنی رحمتوں سے نوازیں۔ کشمیریوں کا واحد سہارا اللہ تعالیٰ ہی ہیں۔ ہم بے حد خوش ہیں کہ ہم پاک سرزمین پر قدم رکھنے جارہے ہیں‘۔ انہوں نے کہا ’یہ ایک عظیم سفر ہے۔ وادی میں گذشتہ کئی دہائیوں سے حالات خراب ہیں۔ ہم اللہ کے گھر میں کشمیر کے لئے خصوصی دعائیں کریں گے‘۔

      First published: