سندیپ سنگھ نے ہریانہ کے وزیر کھیل کا عہدہ چھوڑا، کہا۔ میرے اوپر لگے الزام جھوٹے، منصفانہ جانچ چاہتا ہوں
میڈیا کو اس بارے میں معلومات دیتے ہوئے انہوں نے کہا، 'آپ سب جانتے ہیں، میری شبیہ کو خراب کرنے کے لیے ماحول بنایا گیا ہے۔ ایک جونیئر کوچ نے مجھ پر جھوٹے الزامات لگائے ہیں۔
دیگڑھ: ہریانہ کے وزیر کھیل سندیپ سنگھ نے اپنے خلاف جنسی ہراسانی کے الزامات کی تحقیقات مکمل ہونے تک اپنا محکمہ وزیر اعلیٰ منوہر لال کھٹر کو سونپ دیا ہے۔ میڈیا کو اس بارے میں معلومات دیتے ہوئے انہوں نے کہا، 'آپ سب جانتے ہیں، میری شبیہ کو خراب کرنے کے لیے ماحول بنایا گیا ہے۔ ایک جونیئر کوچ نے مجھ پر جھوٹے الزامات لگائے ہیں۔ میں چاہتا ہوں، ان جھوٹے الزامات کی منصفانہ تحقیقات ہونی چاہیے۔ رپورٹ آنے تک اخلاقیات اور انسانیت کی بنیاد پر اپنا محکمہ وزیراعلیٰ کے حوالے کرتا ہوں۔ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجانے کے بعد وزیر اعلیٰ میرے وزارتی عہدہ کے بارے میں فیصلہ لیں گے۔سندیپ سنگھ کے اعلان کے فوراً بعد وزیر اعلیٰ منوہر لال کھٹر نے ریاست کے اعلیٰ حکام کی میٹنگ بلائی۔
اس میٹنگ میں ڈی جی پی پی کے اگروال، اے ڈی جی پی سی آئی ڈی آلوک متل، ہوم سکریٹری اور دیگر افسران موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق اس میٹنگ میں وزیر کھیل سندیپ سنگھ کا معاملہ زیر بحث رہا۔ اس سے پہلے، ڈی جی پی نے جونیئر خواتین کوچ کی جانب سے سندیپ سنگھ پر لگائے گئے الزامات کی تحقیقات کے لیے ایک ایس آئی ٹی تشکیل دی تھی۔ ایچ سی پی راجکمار کوشک کو آئی پی ایس ممتا سنگھ اور سمر پرتاپ سنگھ کے ساتھ اس خصوصی تحقیقاتی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ ہریانہ کے ڈی جی پی کی جانب سے ایس آئی ٹی کو خاتون کوچ کے الزامات کی پوائنٹ بہ پوائنٹ جانچ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ یہ بھی ہدایت دی گئی ہے کہ اس معاملے کی جلد از جلد تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ حکومت کو پیش کی جائے۔
31 دسمبر کی شام چندی گڑھ پولیس نے ہندوستانی ہاکی ٹیم کے سابق اسٹار کھلاڑی اور ہریانہ کے وزیر کھیل سندیپ سنگھ کے خلاف خاتون کوچ سے چھیڑ چھاڑ کرنے کا مقدمہ درج کرلیا۔ سندیپ سنگھ کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 354، 354 اے، 354 بی، 342، 506 کے تحت چندی گڑھ کے سیکٹر 26 پولیس اسٹیشن میں نئے سال کے موقع پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ معلومات کے مطابق 30 دسمبر 2022 کو لیڈی کوچ چندی گڑھ پولیس ہیڈ کوارٹر گئی اور ایس ایس پی سے ملاقات کی اور اپنی شکایت درج کرائی تھی۔ اس کے بعد اعلیٰ حکام نے اس معاملے کو تفتیش کے لیے تھانہ 26 کو بھیج دیا تھا۔ جونیئر خواتین کی کوچ نے الزام لگایا ہے کہ وزیر نے اسے چندی گڑھ میں اپنی رہائش گاہ پر بلایا اور اس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی۔
Published by:Sana Naeem
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔