نئی دہلی۔ گجرات فسادات پر انگلش میں لکھی گئی مقبول کتاب ’گجرات فائلس’ کے ہندی ایڈیشن کا آج یہاں اجراء کیا گیا۔ ایک سال کے اندر اس کتاب کا اردو سمیت بارہ زبانوں میں ترجمہ شائع ہوچکا ہے۔ ممبئی کی صحافی رعنا ایوب کی گجرات فائلس کے ہندی ایڈیشن کا یہاں پریس کلب میں اجرا کیا گیا۔ گل مہر پرکاشن کے ذریعہ شائع اس کتاب کو ہندی کے مشہور ادیب اور سماینتر پتریکا کے ایڈیٹر پنکج بشٹ، این ڈی ٹی وی کے اینکر رویش کمار، سینئر صحافی اجے سنگھ اور معروف وکیل ورندا گروور نے اجراء کیا۔
تقریب میں موجود کتاب کی مصنفہ رعنا ایوب نے اس موقع پر بتایا کہ کس طرح انہوں نے اسٹنگ آپریشن کرکے گجرات فسادات کی حقیقت لکھی لیکن اسے تہلکہ (جس کے لئے انہوں نے یہ اسٹنگ آپریشن کیا تھا) نے ہی نہیں بلکہ کسی بھی اخبار یا رسالہ نے شآئع کرنے سے انکار کردیا۔ انہوں نے کہا کہ تاہم ایک سال کے اندر اس کے بارہ زبانوں میں ترجمے ہوچکے ہیں اور اس کتاب کے سلسلے میں وہ اب تک پانچ سو تقریبات میں شریک ہوچکی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس کتاب کے لئے آج تک نہ تو کوئی ہتک عزت کا معاملہ دائر ہوا ہے اور نہ ہی کتاب کو ضبط کیا گیا ۔ اتنا ہی نہیں جن افسرا ن کا اسٹنگ آپریشن کرکے انہوں نے گجرات فسادات کے پیچھے اصل باتوں کا پتہ لگایا ان افسران نے بھی کوئی اعتراض آج تک درج نہیں کرایا ۔ جس کیلئے وہ ان کا شکریہ ادا کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی کے صدر امت شاہ کی مخالف نہیں ہیں اور نہ ہی ان کی کسی سے کوئی ذاتی دشمنی ہے۔ انہوں نے کتاب میں مسٹر شاہ کے بارے میں جو کچھ کہا ہے وہ وہی الفاظ تھے جو سپریم کورٹ نے ان کے لئے کہے تھے۔ کتاب کے ناشر اور شاعر اجے سنگھ نے کہا کہ اس کتاب کا ہندی ترجمہ بہت ضروری تھا کیوں کہ اس فساد میں ملوث لوگوں کی حرکتوں کا علم زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ہونا چاہئے۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔