نئی دہلی۔ ورلڈ بینک نے ایز آف ڈوئنگ بزنس کی درجہ بندی جاری کر دی ہے۔ اس درجہ بندی میں ہندوستان نے اس سال 14 پائیدان کی اونچی چھلانگ لگائی ہے اور اب وہ 63 ویں مقام پر پہنچ گیا ہے۔ مانا جا رہا ہے کہ اس سے ہندوستان کو اور زیادہ بیرونی سرمایہ کاری کو اپنی طرف راغب کرنے میں مدد ملے گی۔ پچھلے سال ہندوستان اس فہرست میں ٹاپ 77 ویں نمبر پر آگیا تھا۔ ہندوستان کو ایز آف ڈوئنگ بزنس کی فہرست میں 77واں مقام ملا تھا۔
ورلڈ بینک کی رپورٹ کے مطابق، 10 ملکوں کے معاشی نظام میں بہتری آئی ہے۔ ان میں ہندوستان کے علاوہ سعودی عرب، اردن، ٹوگو، بحرین، تاجکستان، پاکستان، کویت، چین اور نائیجیریا شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق، دنیا بھر کی 115 معیشتوں کی حکومتوں نے اپنے گھریلو نجی شعبے کے لئے کاروبار کو آسان بنانے کے لئے پچھلے سال کے دوران 294 اصلاحات کا آغاز کیا تاکہ ملازمتوں کی راہ ہموار کرنے، تجارتی سرگرمیوں میں توسیع کرنے اور بہت سارے لوگوں کے لئے زیادہ سے زیادہ آمدنی کے مواقع پیدا کئے جا سکیں۔
ورلڈ بینک گروپ کے صدر ڈیوڈ میلپاس نے کہا’’حکومتیں ایسے ضوابط تشکیل دے کر مارکیٹ پر مبنی ترقی اور وسیع البنیاد ترقی کو فروغ دے سکتی ہیں جو کاروبار کو شروع کرنے، کرایہ پر لینے یا دینے اور وسعت دینے میں مدد فراہم کرتی ہیں‘‘۔ تاجروں کو درپیش رکاوٹوں کو دور کرنے سے بہتر ملازمتیں، زیادہ ٹیکس محصول اور زیادہ آمدنی پیدا ہوتی ہے اور یہ سبھی غربت کو کم کرنے اور معیار زندگی بلند کرنے کے لئے ضروری ہیں‘‘۔
آپ کو بتا دیں کہ ورلڈ بینک ہر سال آسان کاروبار والے ملکوں کی فہرست جاری کرتا ہے۔ اس میں کل 190 ممالک ہوتے ہیں۔ مودی حکومت کا خواب اس فہرست میں ہندوستان کو ٹاپ 50 میں لانے کا ہے۔ اس بار درجہ بندی میں ہندوستان کا مقام بہت ہی اہم ہو گا۔
خیال رہے کہ ’ایز آف ڈوئنگ بزنس‘ ورلڈ بینک کی وہ رینکنگ ہے جس سے یہ پتہ چلتا ہے کہ کسی ملک میں کاروبار شروع کرنا کتنا آسان یا مشکل ہے۔ کسی ملک کو مختلف پیمانوں پر دیکھا جاتا ہے۔ مثلاً کاروبار شروع کرنے میں کتنا وقت لگتا ہے؟ کوئی عمارت تعمیر کرنی ہو تو اس کے لئے اجازت حاصل کرنے، بجلی کنکشن، ٹیکس، جائیداد کا رجسٹریشن کرانے، نقصان کی صورت میں کمپنی کو دیوالیہ قرا ر دینے وغیرہ میں کتنا وقت لگتا ہے۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔