ہوم » نیوز » شمالی ہندوستان

جماعت اسلامی ہند کی ا سمبلی انتخابات میں فرقہ پرست طاقتوں کو مسترد کرنے کی اپیل

نئی دہلی۔ جماعت اسلامی ہند نے اسمبلی انتخابات میں عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ فرقہ پرست طاقتوں کو پوری طرح مسترد کرتے ہوئے سیکولر اور اچھے کردار کے حامل امیدواروں کے حق میں ووٹنگ کریں۔

  • UNI
  • Last Updated: Feb 04, 2017 09:07 PM IST
  • Share this:
  • author image
    NEWS18-Urdu
جماعت اسلامی ہند کی ا سمبلی انتخابات میں فرقہ پرست طاقتوں کو مسترد کرنے کی اپیل
جماعت اسلامی ہند کے ماہانہ پریس پروگرام میں امیر جماعت مولانا سید جلال الدین عمری میڈیا اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے: فائل فوٹو۔

نئی دہلی۔ جماعت اسلامی ہند نے اسمبلی انتخابات میں عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ فرقہ پرست طاقتوں کو پوری طرح مسترد کرتے ہوئے سیکولر اور اچھے کردار کے حامل امیدواروں کے حق میں ووٹنگ کریں۔ امیر جماعت اسلامی ہند مولانا سید جلال الدین عمری نے آج مرکز جماعت اسلامی ہند کے کانفرنس ہال میں منعقد ماہانہ پریس کانفرنس میں صحافیوں سے  خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے کو تقسیم کرنے والی طاقتیں اس کوشش میں ہیں کہ فرقہ وارانہ خطوط پرووٹوں کی تقسیم کرائی جائے اور متنازعہ مسائل میں ووٹروں کو الجھا کر فائدہ اٹھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ طاقتیں ملک کے سنجیدہ مسائل اور عام آدمی کو درپیش مشکلات جس میں نوٹ بندی،غربت،بدعنوانی،مہنگائی، بے روزگاری،سرمایہ دارانہ نظام، اخلاقی انحطاط اور جمہوری روایات و اقدار کا زوال جیسے مسائل سے لوگوں کی توجہ ہٹا دیتی ہیں۔


مولانا موصوف نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں بے روزگاری کی شرح میں بے تحاشہ اضافہ ہورہا ہے اور اس پر توجہ نہیں دی جا رہی ہے۔مینوفیکچرنگ اور سروس سیکٹرکی توسیع نہیں ہوپا رہی ہے اور تعلیمی نظام میں اصلاحات کی کوشش نظر نہیں آرہی ہے جو ملک اور معاشرے کے لئے انتہائی خطرناک ہے ۔ امیر جماعت مولانا عمری نے کہا کہ انفراسٹرکچر پرحکومت کی توجہ نہیں ہے اور اقتصادی نابرابری کی خلیج بڑھتی جا رہی ہے۔انہوں نے اس کا حل پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ اسی وقت ممکن ہے جب سب کے ساتھ یکساں سلوک کیا جائے، کسی کے ساتھ تعصب کا رویہ اختیار نہ کیا جائے اور ملک کی اقلیتیں خود کومحفوظ و مامون سمجھیں۔


انہوں نے کہاکہ ایسے حساس وقت میں جماعت اسلامی ہند رائے دہندگان سے اپیل کرتی ہے کہ وہ مذہب اور ذات پات کی بنیاد پر ووٹ مانگنے والوں کو پوری طرح نظر انداز کریں۔رائے دہندگان نفرت پھیلانے والوں کے پروپیگنڈہ سے متاثر نہ ہوں ۔ دولت اور طاقت (دھن، بل)کے زور پرجو لوگ انتخابات میں کامیاب ہونا چاہتے ہیں ان کی تائید نہ کی جائے۔


First published: Feb 04, 2017 09:07 PM IST