نئی دہلی: ملک کا ہرشخص کیرالہ سیلاب متاثرین کے لئے مدد کررہا ہے تو اسی ضمن میں جامعہ ملیہ اسلامیہ اسکولوں کے طلبا نے اپنی جیب خرچ سے کیرالہ سیلاب زدگان کیلئے جمع کئے گئے تقریباً ایک لاکھ روپئے کومتاثرین تک پہنچانے کے لئے کل جامعہ کے رجسٹرارکے سپرد کیا گیا۔
اس موقع پر رجسٹراراے پی صدیقی نے کہا کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ کے اسٹاف اوراساتذہ کی جانب سے بھی رقم کیرالہ کے لئے بھیجی جاچکی ہے۔ تاہم بچوں کی جانب سے اٹھایا گیا یہ قدم قابل ستائش ہے۔ اس سے طلبا کے جذبے کا پتہ چلتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ میں طلبا کی تربیت بھی اس اندازسے کی جاتی ہے تاکہ وہ ذمہ دارشہری بنیں۔ کیرالہ کے لئے پیسے جمع کرنے کا مقصد بھی یہی ہے کہ طلبا میں مدد، ایثاروقربانی کا جذبہ پیدا ہوسکے۔ رجسٹرار کے ذریعہ یہ فنڈ وزیراعلیٰ راحت فنڈ میں جمع کی جائے گی۔
جامعہ ملیہ اسلامیہ اسکول ٹیچرس ایسو سی ایشن کے سکریٹری حارث الحق نے بتایا کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ کی یہ روایت رہی ہے کہ جب بھی ملک و بیرون ملک میں کوئی قدرتی آفت آئی توایسے موقع پرجامعہ مدد میں پیش پیش رہا ہے۔
خواہ وہ دوسری عالمی جنگ ہوجب ڈاکٹرمختاراحمد انصاری ملک بھرسے دوا اکٹھا کرکے ترکی گئے۔ گجرات میں آئے زلزلہ ہویا پھرسونامی، جامعہ ملیہ اسلامیہ نے امدادی کام میں بڑھ چڑھ کرحصہ لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے چھوٹے بچوں نے تھوڑے تھوڑے پیسہ جمع کرکے ایک لاکھ سے زائد رقم جمع کی ہے۔ اس سے بچوں کے خلوص ومدد کے جذبے کا اظہار ہوتا ہے۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ اسکول کی جانب سے یہ پیسے جامعہ کے رجسٹراراے پی صدیقی کو سونپے گئے تاکہ کیرالہ کے متاثرین کو بھیجا جاسکے۔
واضح رہے کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ میں اس سے قبل یونیورسٹی کے طلبا نے کئی لاکھ روپئے کیرلا سیلاب متاثرین کے لئے بھیجے تھے۔ جامعہ کےاساتذہ نے بھی اپنے ایک دن کی تنخواہ عطیہ کی تھی اورکچھ اساتذہ نے پورے ماہ کی تنخواہ سیلاب متاثرین کے لئے عطیہ کیا۔اس
کے علاوہ طلبا نے بڑی مقدارمیں سیلاب متاثرین کے لئے کیرلا راحت فنڈ اوراشیا بھیجی ہیں۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔