نئی دہلی ۔ صدر جمعیتہ علمائے ہند مولا نا ارشد مدنی نے مسلمانوں سے کہا ہے کہ وہ جے این یو معاملے سے خود کو دور رکھیں ورنہ تنازعے کو فرقہ وارانہ رنگ دے کر اس کا سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج اس بات کی سخت ضرورت ہے کہ پوری مستعدی سے ملک کے دستور اور اس کی روح کی حفاظت کی جائے۔ حالات کتنے ہی خراب کیوں نہ ہو جائیں جمعیۃ علما ہند احتجاج کے لئے سڑکوں پر اترنے کے سخت خلاف ہے۔ جمعیۃ نے سڑکوں پر اتر کر احتجاج کرنے کے بجائے ہمیشہ قانون اور عدالت کا سہارا لیا ہے ۔ فرقہ پرست طاقتوں کی من مانیوں،بے قصوروں کو نشانہ بنانے کے واقعات ،اقلیتوں اور دلتوں کی پریشانیوں اور خوف و ہراس کے ماحول سے مبینہ طور پر عبارت صورتحال کو ملک کے لئے تشویشناک بتاتے ہوہے انہوں نے کہا کہ ایسی صورت حال کے خلاف آواز بلند کرنا اور حق کے لئے جد و جہد کو جمعیۃ علماء ہند اپنا اولین فرض سمجھتی ہے۔
جمعیت کے صدر سید ارشد مدنی نے ان خیالات کا اظہار یہاں 12مارچ کو دہلی کے اندرا گاندھی انڈور اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والی قومی کانفرنس کی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے کیا اور کہا کہ مسئلہ صرف دہشت گردی کے نام پر گرفتاریوں کا نہیں ، یہ سلسلہ تو کانگریس کی قیادت والی یوپی اے حکومت کے وقت سے جاری ہے مسئلہ یہ ہے در پردہ وار اب کھل کرمنظر عام پر آ گئی ہے یہاں تک کہ حق کی آواز بلند کرنے والے کو ملک دشمن کہا جانے لگتا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ آ ر ایس ایس اور دوسری شدت پسند تنظیمیں اس ملک کو جس جانب لے جانا چاہتی ہیں ، اس سے اقلیتوں کے لئے ہی نہیں بلکہ دوسروں کے لئے بھی مشکلات پیدا ہو جائیں گی۔سوال یہ ہے کہ کیا یہ ملک اسے جھیل پائے گا ؟
مولانا مدنی نے مزید کہا کہ ہندستان ایک جمہوری ملک ہے اور دستور نے سب کو مذہبی آزادی فراہم کی ہے ۔ ہم اپنی شکایت بھی پیش کریں گے اور مطالبات بھی لیکن امن و امان کے ساتھ ۔ ا سکے لئے قانون کو اپنے ہاتھ میں نہیں لیں گے اور نہ ہی سڑکوں پر اتریں گے۔ مولانا مدنی نے دعویٰ کیا کہ جمعیۃ علما ہند نے اس ملک کے لئے کانگریس سے بھی زیادہ قربانیاں دی ہیں اور 12مارچ کو انڈور اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والی کانفرنس میں سیکولر ذہن سیاست دانوں کو بھی مدعو کیا جائے گا اور عدم رواداری کے خلاف احتجاج کرنے والے کچھ ایسے دانشوروں کو بھی مدعو کریں گے جنہوں نے احتجاج کے طور پر اپنا ایوارڈ حکومت کو واپس کر دیا۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔