ہوم » نیوز » شمالی ہندوستان

عمر گوتم کے مقدمات کی عدالت میں پیروی کرے گی جمعیۃ علما ہند : مولانا محمود مدنی

صدر جمعیۃ علما ہند نے کہا کہ ہر ایک کو اپنے موقف کے دفاع اور عدالت میں انصاف کے لیے اپنی طرف سے مضبوطی سے بات رکھنے کا بنیادی حق ہے، اس سے کسی کو کوئی محروم نہیں کرسکتا ۔ اس لیے جمعیۃعلماء ہند نے عمر گوتم کے بیٹے عبداللہ عمر کی گزارش پر فیصلہ کیا ہے کہ ان کے مقدمات کی بھر پور پیروی کرے گی۔

  • Share this:
عمر گوتم کے مقدمات کی عدالت میں پیروی کرے گی جمعیۃ علما ہند : مولانا محمود مدنی
عمر گوتم کے مقدمات کی عدالت میں پیروی کرے گی جمعیۃ علما ہند : مولانا محمود مدنی

نئی دہلی : جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جبری تبدیلی مذہب کا الزام لگا کر جس طرح عمر گوتم و دیگر کو گرفتار کیا گیا ہے اور اسے جس طرح میڈیا پیش کررہا ہے، وہ قابل مذمت اور باعث تشویش ہے۔ اقلیتوں اور کمزور طبقات کے معاملہ میں میڈیا کا جج بن جانا اور انھیں مجرم بنا کر پیش کرنا ایک عام سی بات ہوگئی ہے، ماضی میں تبلیغی جماعت کو لے کر اسی طرح کا رویہ اختیار کیا گیا تھا۔ اس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ جن کو ملزم بنایا جاتا ہے، اس کو اور اس سے وابستہ لوگوں کو کافی نقصان اٹھانا پڑتا ہے اور بعد میں جب عدالتیں ان کو بے قصور قرار دے دیتی ہیں ، تو یہی میڈیا خاموشی کی چادر اوڑھ لیتا ہے۔


صدر جمعیۃ علما ہند نے کہا کہ ہر ایک کو اپنے موقف کے دفاع اور عدالت میں انصاف کے لیے اپنی طرف سے مضبوطی سے بات رکھنے کا بنیادی حق ہے، اس سے کسی کو کوئی محروم نہیں کرسکتا ۔ اس لیے جمعیۃعلماء ہند نے عمر گوتم کے بیٹے عبداللہ عمر کی گزارش پر فیصلہ کیا ہے کہ ان کے مقدمات کی بھر پور پیروی کرے گی۔ مولانا مدنی نے کہا کہ اگر انھوں نے کچھ غلط کیا ہے تو یہ کام عدالت کا ہے کہ ان کے لیے سزا طے کرے ، عدالت سے ہٹ کر عدالت بن جانا اور جرم ثابت ہونے سے قبل کسی کو مجرم بنا کر پیش کرنا یہ ایک خطرناک روش ہے ، ہم عدالت کو بھی متوجہ کریں گے کہ وہ میڈیا ٹرائل پر روک لگائے، اس سے نہ صرف یہ کہ پوری دنیا میں ہندوستان کی شبیہ خراب ہوتی ہے بلکہ ملک کے نظام اور سسٹم کا بھی مذاق بنتا ہے ۔ نیز انصاف کی جد وجہد کرنے والوں کا عرصہ حیات تنگ ہو تا ہے۔ ایسی صورت حال کے مدنظر مولانا حکیم الدین قاسمی ناظم عمومی جمعیۃ علماء ہند نے لکھنو کا دورہ کیا ، جہاں عمر گوتم ریمانڈ پر ہیں اور وہاں ان کے اہل خانہ سے ملاقات کرکے ان کے دفاع کے بنیادی حق میں ساتھ دینے کا عزم ظاہر کیا ۔


مولانا محمود اسعد مدنی نے یوپی سرکار کی طرف سے بیان بازی پر بھی سوال اٹھایا اور کہا کہ سرکار کو سب کے لیے برابر ہو نا چاہئے ۔ ہم یہ دیکھتے ہیں کہ نرسنگھا نند جیسے لوگ لگاتار مسلمانوں کی دل آزاری کررہے ہیں اور مذہب اسلام کی توہین کررہے ہیں ، مگر سرکار کوئی بھی کارروائی نہیں کررہی ہے۔ حالاں کہ جمعیۃ علماء ہند نے اس کے خلاف وزیر اعلی کو خط لکھا ہے ، اس کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی ہے ، لیکن اس کے بارے میں کوئی ایکشن لینے کی بجائے ایسے عناصر کی پشت پناہی ہور ہی ہے ۔

Published by: Imtiyaz Saqibe
First published: Jun 23, 2021 10:17 PM IST