ہوم » نیوز » شمالی ہندوستان

کشمیر : وزیر اعلی محبوبہ مفتی ، فاروق اورعمرعبداللہ کا آغا فضل اللہ کے انتقال پر دکھ اور صدمے کا اظہار

جموں وکشمیر کی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی اور سابق وزرائے اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور عمر عبداللہ نے وادی کے معروف شیعہ عالم دین آغا سید محمد فضل اللہ الموصوی الصفوی کے انتقال پر دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے ۔

  • UNI
  • Last Updated: Jan 29, 2018 11:27 PM IST
  • Share this:
  • author image
    NEWS18-Urdu
کشمیر : وزیر اعلی محبوبہ مفتی ، فاروق اورعمرعبداللہ کا آغا فضل اللہ کے انتقال پر دکھ اور صدمے کا اظہار
کشمیر کے معروف شیعہ عالم دین آغا سید محمد فضل اللہ ۔ فوٹو یو این آئی

سری نگر: جموں وکشمیر کی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی اور سابق وزرائے اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور عمر عبداللہ نے وادی کے معروف شیعہ عالم دین آغا سید محمد فضل اللہ الموصوی الصفوی کے انتقال پر دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے ۔ محترمہ مفتی نے اپنے ایک بیان میں آغا فضل اللہ کے رول کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ اپنے پیرو کاروں میں سماجی ، تعلیمی اور روحانی بیداری پیدا کرنے میں ایک اہم رول ادا کیا ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مرحوم نے ہمیشہ مختلف طبقوں کے مابین یکجہتی اور برادری کی ہمیشہ پاسداری کی ۔ محبوبہ مفتی نے مرحوم کی ایصال ثواب کے لئے دعا کرتے ہوئے سوگوار کنبے کے ساتھ ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ۔

سابق وزرائے اعلیٰ فاروق عبداللہ اور عمر عبداللہ نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ مرحوم آغا صاحب نے تبلیغ دین کے سلسلے میں جو ناقابل فراموش اور قابل قدر خدمات انجام دیے وہ ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔ مرحوم آغا صاحب مسلم یکتااور عوام دوست کا رول ادا کرتے آئے اور مرحوم شیعہ سنی اتحاد کے علمبردار رہے۔ مرحوم کے انتقال سے ایک بڑا خلاء پیدا ہوا ہے جس کو پُر کرنا مشکل ہے۔

لیڈران نے کہا کہ خالق کائنات کے حکم کے سامنے ہم سب کو سرخم کرنا ہی ہے اور موت زندگی کی آخری سیڑھی ہے۔ اللہ مرحوم کو کروٹ کروٹ جنت عطا کرے اور مرحوم کے پسماندگان کو صبر جمیل عطا کرے۔ انہوں نے اس صدمہ عظیم پر مرحوم کے برادر اصغر پارٹی کے سینئر لیڈر (ایم ایل سی) آغا سید محمود کے ساتھ ساتھ پارٹی کے ترجمانِ اعلیٰ و ایم ایل اے بڈگام آغا سید روح اللہ مہدی کے ساتھ بھی تعزیت کا اظہار کیا۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفےٰ کمال، صوبائی صدر ناسر اسلم وانی، سینئر لیڈران عبدالرحیم راتھر، علی محمد ڈار(ایم ایل سی)، تنویر صادق، ترجمان جنید عظیم متو نے بھی تعزیت کا اظہار کیا۔

First published: Jan 29, 2018 11:26 PM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading