سری نگر : جموں و کشمیر کے گنو پورہ شوپیاں میں ہفتہ کو ہوئی فائرنگ کے معاملہ میں گڈوال رائفلس کے میجر آدتیہ کے خلاف معاملہ درج کیا گیا ہے۔ جموں و کشمیر پولیس نے میجر آدتیہ کے خلاف قتل اور قتل کی کوشش کا معاملہ درج کیا ہے ۔ بتایا جارہا ہے کہ پی ڈی پی - بی جے پی کی مخلوط حکومت کی ہدایت پر یہ ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ گنوپورہ شوپیاں میں ہفتہ کو ہوئی فائرنگ میں دو شہریوں کی موت ہوگئی تھی اور آٹھ دیگر افراد زخمی ہوگئے تھے ۔ مہلوک نوجوانوں جاوید احمد بٹ اور سہیل جاوید لون کی عمر 20 سے 25 برس کے درمیان تھی۔اسی معاملہ میں گڈوال رائفلس کے میجر کو ملزم بناتے ہوئے معاملہ درج کیا گیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے واقعہ کی مجسٹریٹ انکوائری کا حکم دیتے ہوئے تحقیقات 20 دنوں کے اندر اندر مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
وزیر اعلی نے ٹویٹر پر کہاکہ شوپیان میں پیش آئے بدقسمت واقعہ میں انسانی جانوں کے زیاں پر بہت رنج اور افسوس ہوا۔ میں نے واقعہ کی مجسٹریٹ انکوائری کا حکم دیتے ہوئے تحقیقات 20 دنوں کے اندر اندر مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ میں متاثرین کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتی ہوں ۔
دریں اثنا ایک سرکاری ترجمان نے بتایا کہ محترمہ مفتی نے شوپیان فائرنگ کا واقعہ مرکزی وزیر دفاع نرملا سیتا رمن کے ساتھ اٹھایا جنہوں نے وزیر اعلیٰ کو یقین دلایا کہ وہ اس حوالے سے ایک تفصیلی رپورٹ طلب کر کے متعلقین پر زور دیں گی کہ موجودہ لائحہ عمل پر سختی سے عمل کرے تا کہ مستقبل میں ایسے واقعات رونما نہ ہوں۔
نیوز ایجنسی یو این آئی کے ان پٹ کے ساتھ
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔