ہوم » نیوز » جموں وکشمیر

کشمیر: بڈگام میں آگ کی خوفناک واردات، معروف شیعہ عالم آغا عبدالحسین کا رہائشی مکان تباہ، خود بھی زخمی

وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے میں ٹاؤن میں ج آگ کی ایک خوفناک واردات میں معروف شیعہ عالم آغا سید عبدالحسین کا رہائشی مکان مکمل طور پر خاکستر ہوگیا اور اس کے متصل ایک چنار کے درخت کو بھی جزوی نقصان پہنچا۔

  • UNI
  • Last Updated: Nov 13, 2020 01:38 PM IST
  • Share this:
کشمیر: بڈگام میں آگ کی خوفناک واردات، معروف شیعہ عالم آغا عبدالحسین کا رہائشی مکان تباہ، خود بھی زخمی
علامتی تصویر

وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے میں ٹاؤن میں جمعے کی علی الصبح آگ کی ایک خوفناک واردات میں معروف شیعہ عالم آغا سید عبدالحسین کا رہائشی مکان مکمل طور پر خاکستر ہوگیا اور اس کے متصل ایک چنار کے درخت کو بھی جزوی نقصان پہنچا۔ محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے ایک عہدیدار نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ آگ لگنے کی بنیادی وجہ الیکٹرک ہیٹر میں شارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کی گاڑیوں و نفری اور مقامی لوگوں نے بہت ہی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا۔

ان کا کہنا تھا کہ آگ کی یہ واردات جمعے کی علی الصبح کو ہوئی اور اس دوران مکان مالک اپنے کتب خانے کو بچانے کی کوشش میں زخمی ہوگئے جن کو علاج کے لئے چند میٹر کے فاصلے پر ہی واقع ضلع اسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے انہیں شری مہاراجہ ہری سنگھ اسپتال سری نگر ریفر کیا گیا۔

موصوف عہدیدار نے بتایا کہ آگ کی واردات میں آغا صاحب کے ذاتی کتب خانے، جس میں نادر کتابوں کا بھی اچھا خاصا ذخیرہ موجود تھا، کو بھی کافی نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مکان کے متصل ایک چنار درخت کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ آغا عبدالحسین کے برادر اصغر آغا سید احمد نے یو این آئی اردو کو بتایا: 'آگ اس قدر بھانک تھی کہ مکان آناً فاناً راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا اور آغا صاحب خود بھی زخمی ہوگئے جو شری مہاراجہ ہری سنگھ اسپتال سری نگر میں زیر علاج ہیں'۔


عینی شاہدین نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ آگ کے دوران کئی گیس سیلنڈروں کے پھٹنے سے زوردار دھماکہ ہوا جس کی گرج دار آواز سے پورا علاقہ دہل اٹھا۔ انہوں نے کہا کہ موصوف آغا کا رہائشی مکان مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے۔ بتادیں کہ آغا سید عبد الحسین کا تعلق وادی کشمیر کے نامور دینی خانوادہ سے ہے۔ خاندانی ذرائع نے بتایا کہ آغا صاحب ایک ماہ قبل ہی ایران میں طویل قیام کے بعد گھر واپس لوٹے تھے۔

Published by: sana Naeem
First published: Nov 13, 2020 01:38 PM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading