جموں سے دہلی جانے والی بس میں آٹھ گرینیڈ کے ساتھ مشتبہ شخص گرفتار
یوم آزادی سے قبل ایک بار پھر پولیس نے دہلی کو دہلانے کی دہشت گردوں کی بڑی سازش ناکام کی ہے۔
- News18 Urdu
- Last Updated: Aug 06, 2018 11:49 AM IST

علامتی تصویر
یوم آزادی سے قبل ایک بار پھر پولیس نے دہلی کو دہلانے کی دہشت گردوں کی بڑی سازش ناکام کی ہے۔ اتوار کے روز دیر رات جموں و کشمیر پولیس نے جموں سے نئی دہلی جا رہی بس سے ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کیا۔ پولیس نے اس کے پاس سے 8 گرینیڈ بھی برآمد کئے ہیں۔ اس سے جموں اور دہلی میں دھماکہ کرنے کی سازش تھی۔ فی الحال سکیورٹی ایجنسیاں پکڑے گئے دہشت گرد سے اس کے دیگر ساتھیوں کے بارے میں پوچھ گچھ کر رہی ہیں۔
ایک پولیس افسر نے بتایا کہ خفیہ اطلاع کی بنیاد پر پولیس نے کل دیر رات یہاں گاندھی نگر علاقہ میں ایک بس کو روکا اور کشمیر کے ایک نوجوان کو گرفتا ر کیا، جس کے پاس آٹھ ہتھ گولے تھے۔ افسر نے بتایا کہ دہشت گرد کی شناخت جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں اونتی پورا رہائشی عرفان وانی کے طور پر ہوئی ہے۔ ا س کے پاس سے آٹھ ہتھ گولے اور 60 ہزار روپئے نقد برآمد ہوئے ہیں۔
ایسی خفیہ اطلاع ہے کہ لشکر طیبہ، جیش محمد اور حزب المجاہدین کے کشمیری دہشت گردوں کا 15 اگست کو جموں اور نئی دہلی میں دہشت گردانہ حملہ کرنے کا منصوبہ ہے۔ اس اطلاع کے بعد دیگر سکیورٹی ایجنسیوں کو الرٹ پر رکھا گیا ہے۔