سری نگر۔ وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت جتیندر سنگھ نے پاکستان کو ’دشمن طاقت‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان اس سے نمٹنے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پڑوسی ملک (پاکستان) کے ساتھ واحد مسئلہ یہ ہے کہ اس کے غیرقانونی قبضے والے کشمیر کو واپس حاصل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ تھا اور ہمیشہ رہے گا۔ ڈاکٹر سنگھ نے بدھ کو یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا ’جموں وکشمیر ہندوستان کا اٹوٹ انگ ہے۔ پارلیمنٹ میں 1994 میں متفقہ طور پر منظور کی گئی قرارداد کے بعد یہ ملکی قانون کا حصہ بن گیا ہے۔ اگر کوئی مسئلہ ہے تو وہ محض یہ ہے کہ پاکستان کے غیر قانونی قبضے والے کشمیر کو واپس حاصل کرنا ہے‘۔ انہوں نے کہا کہ وادی میں عسکریت پسندی آہستہ آہستہ دم توڑ رہی ہے۔
یہ پوچھے جانے پر کہ مرکزی وزیر داخلہ کشمیر سے متعلق کس حل کی بات کررہے ہیں تو مسٹر سنگھ نے کہا ’حتمی حل کی مختلف لوگوں کی جانب سے مختلف طریقے سے تشریح نکالی جارہی ہے‘۔ انہوں نے کہا ’حل کا مطلب یہ ہے کہ وادی میں جاری عسکریت پسندی اپنے اختتام کو پہنچے گی۔ علاوہ ازیں کوئی مسئلہ باقی نہ رہے‘۔ جتیندر سنگھ نے کہا کہ کشمیری نوجوان وزیر اعظم نریندر مودی کی سربراہی والے ترقیاتی سفر کا حصہ بننے کے متمنی ہیں۔ انہوں نے کہا ’مرکزی سرکار کی طرف سے گذشتہ تین برسوں کے دوران متعدد اسکیمیں شروع کی گئیں جن میں اسٹارٹ اپ انڈیا اور اسٹینڈ اپ انڈیا قابل ذکر ہیں۔ کشمیری نوجوان ان اسکیموں سے مستفید ہورہے ہیں۔ کشمیری نوجوان آگے بڑھ رہے ہیں‘۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔