سری نگر۔ جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) کے بانی رکن امان اللہ خان منگل کی صبح پاکستان کے شہر راولپنڈی کے ایک اسپتال میں انتقال کرگئے۔ اُن کی عمر 82 برس تھی۔ اطلاعات کے مطابق وہ گذشتہ ایک برس سے پھیپھڑوں کے مرض میں مبتلا تھے۔ امان اللہ خان نے محمد مقبول بٹ جنہیں 1984 میں نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں تختہ دار پر چڑھایا گیا تھا، کے ساتھ مل کر جموں وکشمیر نیشنل لبریشن فرنٹ (جے کے این ایل ایف) کی بنیاد رکھی تھی جس کا انہوں نے 1977 میں نام بدل کر جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) رکھا تھا۔
اما ن اللہ خان 24 اگست 1934 کو گلگت کے علاقہ استور میں پیدا ہوئے تھے۔ وہ 1940 میں تعلیم حاصل کرنے کی غرض سے وادی کشمیر آئے تھے جہاں مختلف اسکولوں و کالجوں بشمول تاریخی ایس پی و امرناتھ کالجوں سے ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد وہ 1952 میں ہجرت کرکے واپس پاکستان چلے گئے تھے۔ امان اللہ خان کے پسماندگان میں ایک بیٹی عاصمہ شامل ہے جن کی نومبر 2000 میں جموں وکشمیر پیپلز کانفرنس کے سربراہ سجاد غنی لون سے شادی ہوئی تھی۔
علیحدگی پسند سیاست سے مین اسٹریم میں قدم رکھنے والے سجاد غنی لون فی الوقت جموں وکشمیر کی مخلوط حکومت میں ایک وزیر ہیں۔ جے کے ایل ایف کے بانی رکن امان اللہ نے دو کتابیں فری کشمیر (انگریزی) اور اپنی سوانح عمری (اردو) تحریر کی ہیں۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔