لوک سبھا انتخابات میں عام آدمی پارٹی کے ساتھ اتحاد سے منع کرنے کے بعد وزیراعلی اروند کیجریوال نے کانگریس کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی مخالف ووٹوں کی تقسیم کرکے وہ بی جے پی کی مدد کررہی ہے ۔ دہلی کانگریس کی صدر اور سابق وزیر اعلی شیلا دیکشت نے منگل کو پارٹی صدر راہل گاندھی کے ساتھ میٹنگ کے بعد اعلان کیا کہ دہلی کی سات لوک سبھا سیٹوں کے لیے عام آدمی پارٹی کےساتھ کسی طرح کا اتحاد نہیں ہوگا۔پچھلے کئی دنوں سے ایسی قیاس آرائیاں زوروں پر تھیں کہ عام آدمی پارٹی اور کانگریس مل کر لوک سبھا انتخاب لڑیں گی ۔
اتحاد نہ کرنے کے اعلان کے بعد کیجریوال نے ٹوئیٹ کیا’’ ایسے وقت جب پورا ملک مودی اور شاہ کی جوڑی کو ہرانا چاہتا ہے، بی جے پی مخالف ووٹوں کو تقسیم کرکے کانگریس اس کی مدد کررہی ہے ۔ انھوں نے کہا،’’ایسی افواہیں ہیں کہ کانگریس اور بی جے پی میں خفیہ سازباز ہوئی ہے ۔‘‘دہلی بی جے پی اور کانگریس کے اتحاد سے مقابلہ کے لیے تیار ہے۔عوام اس غیر اخلاقی اتحاد کو شکست دیں گے ۔
عام آدمی پارٹی حالانکہ سنیچر کو ہی دہلی کی سات لوک سبھا سیٹوں میں سے چھ پر اپنے امیدواروں کا اعلان کرچکی ہے۔ پھر بھی وہ اس امید میں تھی کہ دونوں پارٹیاں مل کر انتخاب لڑیں اور کانگریس کی طرح سے تجویز آّنے پر غوروخوض کے لیے تیارتھی ۔
میڈیا میں ایسی خبریں ہیں کہ بیشتر مقامی لیڈران عام آدمی پارٹی کے ساتھ اتحاد کے حق میں نہیں تھے اور راہل گاندھی کے ساتھ صلاح ومشورہ کے بعد شیلا دیکشت نے اتحاد نہ کرنے کا اعلان کیا۔
یو این آئی، اردو کے ان پٹ کے ساتھ سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔