چاہنے والے ہمیں چھوڑ گئے سب تنہا، زندگی کٹتی نہیں ہم سے مگر اب تنہا ۔۔لکھنئو کی بین الاقوامی شہرت یافتہ شاعرہ نسیم نکہت کی ۲۹ اپریل کی دو پہر اچانک رحلت سے صرف شہر علم وادب لکھنئو اور قرب و جوار کی ہی نہیں بلکہ پورے ملک کی ادبی فضاسوگوار ہوگئی ہے۔ ان کے جسدِ خاکی کو عیش باغ واقع قبرستان ملکہ جہاں میں ڈاکٹر نسیم نکہت کو سیکڑوں شیدائیوں ،رشتے داروں اور ان سے عقیدت و محبت رکھنے والے لوگوں نے سپردِ خاک کردیا۔ نسیم نکہت کے انتقال کے بعد تعزیت پیش کرنے والوں کے پیغامات سے یہ احساس بھی ہوا کہ مرحومہ بہت مشہور بھی تھیں اور ہر دلعزیز بھی۔ ہر دلعزیز رہنما معروف شخصیت چچا امیر حیدر نے اپنے افسردہ لہجے میں کہا کہ ڈاکٹر نسیم نکہت لکھنئو ، بارہ بنکی یا اتر پردیش کی ہی نہیں بلکہ پورے ملک کی نمائندہ شاعرہ تھیں جنہوں نے پوری دنیا میں معیاری شاعری کے حوالے سے نہایت معتبر نمائندگی کی ، خدا ان کی قبر کو منور کرے اور پسماندگان کو صبر و تحمل عطا کرے۔
معروف شاعر منور رانا کے مطابق ڈاکٹر نسیم نکہت صاحب طرز شاعرہ تھیں انہوں نے پوری دنیا میں شعری ادب کے حوالے سے معتبر اور قابل ستائش نمائندگی کی۔ انہوں نے ان تمام شعری قدروں اور رویوں کی ترجمانی نہایت ذمہ داری سے کی جو کسی بھی قلم کار کو ممتاز بناتے ہیں۔ معروف رائٹر پروفیسر صابرہ حبیب کہتی ہیں کہ نسیم نکہت کی بے وقت رحلت سے جو خلا پیداہواہے وہ کبھی پُر نہیں ہوسکے گا، چھ سے زیادہ کتابوں کی خالق ڈاکٹر نسیم نکہت نے دنیا کے اہم اور ممتاز شاعروں کے ساتھ مشاعرے کا اسٹیج بھی شئر کیا اور ساتھ ہی ادب کے منظر نامے میں اپنا مقام متعین کیا، یہی سبب ہے کہ وہ پوری دنیا کی ہر دلعزیز شاعرہ بن گئیں ۔
کشمیر میں دہشت گردوں کا بڑا سہارا بن رہے تھے یہ 14 میسینجر ایپ، حکومت نے کیا بلاکوزیراعظم مودی کے روڈشو میں سکیورٹی میں کوتاہی، جوش میں خاتون نے کردیا کچھ ایسا کہ۔۔۔۔ان کی وفات پر معروف شاعر ہ ڈاکٹر شاہینہ کشور نے کینیڈا سے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ ڈاکٹر نسیم نکہت ہندوستان کی ان چند شاعرات میں سے ایک تھیں جو شاعری کی دنیا میں معتبر اور با وقار تصور کی جاتی ہیں۔ انہوں نے ایک طویل عرصہ ادب کے سفر اور مشاعروں کے اسٹیج پر گزارا۔ انہوں نے ترقی پسندوں کا زمانہ بھی دیکھا تھا، جدیدیت اور مابعد جدیدیت کا پس منظر و پس منظر بھی دیکھا اور کبھی کبھی اپنے افکار کے ذریعے مابعد جدیدیت کی ترجمانی بھی کی وہ مشاعروں کی سنجیدہ اور کامیاب شاعرہ کے طور پر جانی جاتی تھیں لیکن تحقیق سے بھی بڑا سروکار رکھتی تھیں۔ ڈاکٹر نسیم نکہت کے انتقال کی خبر سنتے ہی پوری ادبی دنیا سے متعدد شعرا نے تعزیت پیش کی ہے۔
خواب دیکھنے والوں مرا انتظار کرنا،دھواں دھواں بھیگی آنکھیں(دیوناگری)پھولوں کا بوجھ ( دیوناگری )اردو شاعری میں واقعہ کربلا ( تحقیقی مقالہ)مشاعرے دیدہ و شنیدہ( مقالہ) جیسی اہم کتابوں کی تخلیق کار کا بے وقت گزر جانا واقعی افسوسناک ہے۔
معروف سیاسی و سماجی لیڈر جناب سراج مہدی نے بھی ان کی رحلت پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے انہیں ادب کا بڑا نقصان قرار دیا ہے۔ ڈاکٹر نسیم نکہت کے شوہر معروف مزاحیہ شاعر جناب پہلو لکھنوی (سید منور جعفری ) اور ان کے بیٹوں اور بیٹی کے پاس بھی پوری ادبی دنیا سے تعزیتی پروگرام مسلسل آرہے ہیں ۔ خدا نسیم نکہت کی قبر کو منور کرے ان کی مغفرت فرمائے اور اہل خانہ کو صبر و تحمل عطا کرے۔
کتنی تیزی سے یہ دن رات گزر جاتے ہیں، چاہے کتنے بھی حسیں لوگ ہوں مر جاتے ہیں۔ سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔