نئی دہلی۔ مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند سماجی، ملکی اور عالمی سطح پر امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورت حال اور ملک و ملت اور انسانیت کے حساس اور سلگتے ہوئے مسائل کا حل تلاش کرنے کے لئے یہاں رام لیلا گراونڈ میں آئندہ نو اور دس مارچ کو ایک دو روزہ کانفرنس منعقد کررہی ہے۔ جمعیت کے صدر مولانا اصغرعلی امام مہدی سلفی نے یہاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ’قیام امن عالم اور تحفظ انسانیت‘ کے موضو ع پر جمعیت کی اس چونتیسویں آل انڈیا اہل حدیث کانفرنس میں ملک و بیرون ملک کے مشاہیر علماء کرام و دانشوران نیز دینی و سماجی اہم شخصیات شرکت کریں گی۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ کانفرنس اپنے موضوع ، مشتملات اور زمان و مکان کے لحاظ سے انسانیت کو درپیش مسائل کے حوالے سے سنگ میل ثابت ہوگی اور اسلام کے پیغام امن وانسانیت کو جاننے اور عام کرنے، دہشت گردی، داعش و دیگر دہشت گرد تنظیموں کی سنگینی اور سازشوں کو سمجھنے اور ان کے خلاف بیداری پیدا کرنے ، اسلامی رواداری، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور قومی یکجہتی اور تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔ مولانا سلفی نے مزید کہا کہ وطن عزیز میں شراب نوشی و دیگر منشیات کا استعمال، جہیز جیسی سماجی برائیاں، جوا، رشوت، جہالت و بھکمری معاشرے کے لئے چیلنج بنی ہوئی ہیں اور آلودگی اور اس کے نتیجہ میں بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور پانی کی قلت کے خدشات کے مسائل بھی کم فکرمندی کے حامل نہیں ہیں۔ ان مسائل سے پوری انسانیت مضطرب اور دنیا کی ساری مخلوق اس کی خطرناکیوں کے نرغے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں عوامی بیداری لانے کے لئے اس کانفرنس میں نوع بنوع پروگرام بھی منعقد ہوں گے۔
جمعیت اہل حدیث کے صدر نے اپنی تنظیم کی کارکردگی اور خدمات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ اس نے 2006میں ملک میں سب سے پہلے دہشت گردی مخالف سمپوزیم منعقد کیا تھا اور اس موقع پر 135اکابر علماء کے دستخط سے اجتماعی فتوی جاری کیا تھا۔ جب داعش کا فتنہ نمودار ہوا تب بھی جمعیت اہل حدیث نے 2015میں دہلی میں داعش مخالف سمپوزیم منعقد کیا۔اس کے علاوہ ملک میں عدم رواداری کا مسئلہ آیا تب بھی جمعیت اہل حدیث نے قومی یکجہتی او ر خیر سگالی کے عنوان پر دسمبر 2015 میں قومی سمپوزیم کا اہتمام کیا۔ ان پروگراموں میں بلاتفریق مذہب وملت ہندو مسلم رہنما شریک ہوئے۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔