ہوم » نیوز » امراوتی

مایہ نازصحافی کلدیپ نیر کے انتقال پر مولانا سید ارشد مدنی کا اظہار رنج و غم

ملک کے مایہ ناز صحافی ، ہندو۔مسلم اتحاد کے علمبردار، سماجی کارکن جناب کلدیپ نیر کے انتقال پر صدر جمعیۃعلماء ہند مولانا سید ارشد مدنی نے اپنے گہرے رنج ودکھ کا اظہار کیا ہے۔

  • Share this:
  • author image
    NEWS18-Urdu
مایہ نازصحافی کلدیپ نیر کے انتقال پر مولانا سید ارشد مدنی کا اظہار رنج و غم
مولانا ارشد مدنی کلدیپ نیر کے ساتھ ایک پروگرام میں: فائل فوٹو۔

ملک کے مایہ ناز صحافی ، ہندو۔مسلم اتحاد کے علمبردار، سماجی کارکن جناب کلدیپ نیر کے انتقال پر صدر جمعیۃعلماء ہند مولانا سید ارشد مدنی نے اپنے گہرے رنج ودکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جناب کلدیپ نیرصاحب ایک حق گو غیر جانب دار صحافی تھے۔ وہ وہی کچھ لکھتے تھے جیسا وہ دیکھتے اور محسوسس کرتے تھے۔ آنجہانی کلدیپ نیر سے سالوں سے میرے ذاتی تعلقات تھے۔ اپنی پیرانہ سالی اور دیگر امراض کے باوجود جمعیۃعلماء ہند کے تمام ہی پروگرام میں شرکت کرتے تھے۔


قابل ذکر ہے کہ تقسیم وطن کے وقت دوسرے لوگوں کے ساتھ قانونی تبادلہ آبادی کی وجہ سے انہیں بھی اپنے وطن سے ہجرت کرنی پڑی تھی اور تبادلہ آبادی کے دوران جانبین سے جو تشدد کے دلدوز واقعات ہوئے تھے اس کے عینی شاہد ہی نہیں بلکہ اس کو جھیلے ہوئے تھے، اس کے باوجود ان کی سوچ میں کسی طرح کی تنگ نظری نہیں تھی بلکہ وہ اس سوچ کے خلاف آخر تک لڑتے رہے۔ وہ پچھلے پون صدی سے تصنیف و تالیف اور صحافت کے میدان میں سرگرم عمل تھے ۔ اعتدال و توازن ،وسیع القلبی اور کشادہ نظری ان کا امتیازی وصف تھا۔وہ ملک کے ہر طبقہ میں مقبول اور ہر دلعزیز تھے۔ ایسی شخصیت کا داغ مفارقت دے جانا ایک سانحہ ہے۔


آنجہانی کلدیپ نیر متعدد اردو، انگریزی اخبارات اوررسائل کے سرپرست و نگراں تھے۔ کلدیپ نیر صاحب اپنے آخری وقت تک انگریزی اوراردو اخبارات میں ہفتہ واری کالم لکھتے رہے ۔ ان کو میدان صحافت میں گراں قدرخدمات انجام دینے کی وجہ سے کئی ملکی وغیر ملکی ایوارڈوں سے بھی نوازا گیا تھا ۔


مولانا مدنی نے مزید کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب قلم اور آزادی اظہار رائے پر پابندیاں لگانے کی درپردہ کوششیں ہورہی ہیں کلدیپ نیر کا جانا جمہوریت کے اس چوتھے ستون کے لئے ایک ایسا نقصان ہے جس کی تلافی کسی طرح ممکن نہیں۔ صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا ارشد مدنی نے اپنے تعزیتی بیان میں آنجہانی کے پسماندگان اور رفقاء و متعلقین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔

First published: Aug 23, 2018 05:04 PM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading