ہوم » نیوز » شمالی ہندوستان

تشدد کی چنگاری بجھانے کے لئے میرٹھ پولیس کی انوکھی پیش رفت 

میرٹھ پولیس محکمہ اب شہر کی ملی جلی آبادی والے مختلف علاقوں میں ہندو مسلم دوستوں کی کمیٹیوں کے ذریعہ آپسی بھائی چارے کا پیغام دینے کی کوشش انجام دے رہا ہے۔

  • Share this:
تشدد کی چنگاری بجھانے کے لئے میرٹھ پولیس کی انوکھی پیش رفت 
تشدد کی چنگاری بجھانے کے لئے میرٹھ پولیس کی انوکھی پیش رفت 

میرٹھ ۔فرقہ پرستی کی ذہنیت سے بھڑکنے والے تشدد کی چنگاری بجھانے کے لئے سماج میں آپسی اتحاد اور محبت کی فضا قائم کرنا ضروری ہے اور اسی فکر کے ساتھ اب میرٹھ پولیس نے خاص پہل کرنے کی کوشش کی ہے۔ میرٹھ پولیس محکمہ اب شہر کی ملی جلی آبادی والے مختلف علاقوں میں ہندو مسلم دوستوں کی کمیٹیوں کے ذریعہ آپسی بھائی چارے کا پیغام دینے کی کوشش انجام دے رہا ہے۔


میرٹھ شہر کے پرانے علاقے آج بھی ملی جلی آبادی کے ذریعہ ہندوستان کی مشترکہ تہذیب اور ملے جلے سماجی تانے بانے کی مثال پیش کرتے ہیں۔ شہر کے ایسے پرانے علاقوں میں ہندو۔ مسلم افراد کی آپسی دوستی اور بھائی چارے کی مثالیں بھی موجود ہیں جو مختلف مواقع پر نظر آ جاتی ہیں۔ گزشتہ دنوں شہر میں خراب ہوئے ماحول کو سنبھالنے اور لوگوں کے درمیان آپسی بھائی چارے کو برقرار رکھنے میں ایسے لوگوں نے ہمیشہ ایک اہم کردار ادا کیا ہے۔ سماج کے ایسے ہی افراد کی کمیٹی تشکیل دیکر آپسی  اتحاد کا پیغام پیش کرنے کی ایک بہترین پیش رفت کرنے کی میرٹھ پولیس نے کوشش کی ہے۔


پولیس کی اس پیش رفت سے قبل بھی سماج کے یہ افراد اپنی کوششیں اور خدمات انجام دیتے رہے ہیں اور پولیس کی ان کوششوں کی ستائش بھی کر رہے ہیں۔ پولیس افسران کا کہنا ہے کہ قومی ایکتا سمیتی جیسی کمیٹیوں کو پھر سے زندہ کرنے کی ضرورت ہے اور یہ اسی ضرورت کے تحت کی جا رہی ایک کوشش ہے۔ ملی جلی آبادی والے علاقوں میں اس طرح کی مثال پیش کرنے والے افراد کی ١٥ رکنی کمیٹی تشکیل دی جائیگی جو ہر تہواروں اور دیگر مواقع پر مشترکہ پروگراموں کے ذریعہ لوگوں تک گنگا جمنی تہذیب کی مثال پیش کرے گی۔


وہیں سماجی تنظیموں کے ذمہ داران اور شہر کی معزز شخصیات نے میرٹھ پولیس کی اس پیش رفت کا خیر مقدم کرتے ہوئے ہوئے ان کے اس نیک کام میں سبھی کے بھرپور تعاون ہونے کی بات کہی ہے۔ ملک کے موجودہ ماحول کو پیش نظر رکھتے ہوئے اس طرح کی پیش رفت کی شدید ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔
First published: Feb 29, 2020 02:32 PM IST