سری نگر۔ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے سابق اسٹوڈنٹ لیڈر عمر خالد پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملہ جمہوریت کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ میڈیا کے ایک حصے نے عمر خالد کو اینٹی نیشنل کے طور پر پیش کرکے شرارتی عناصر کو اکسانے کا گھنونا کارنامہ انجام دیا تھا۔
محبوبہ مفتی نے مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ پر اپنے تین سلسلہ وار ٹویٹس میں کہا ’ہمارے جیسے جمہوری ملک میں لوگوں کو کسی بات سے متفق ہونے یا نہ ہونے کا حق حاصل ہے۔ لیکن متفق نہ ہونے کی صورت میں ایک انسان کو خاموش کرنے کی کوششیں کرنا اور اس کی آواز کو دبانا سراسر غلط ہے‘۔ انہوں نے کہا ’نفرت کے سوداگروں کا عمر خالد پر یوم آزادی کی تقریبات سے محض چند دن قبل حملہ کرنا جمہوریت کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔
میڈیا کے ایک حصے نے بھی انہیں (عمر خالد) کو اینٹی نیشنل کے طور پر پیش کرکے شرارتی عناصر کو اکسانے کا گھنونا کارنامہ انجام دیا تھا‘۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ ہمیں اپنے ملک کے دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے پر ہمیشہ فخر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا ’ہمیں ہمیشہ اس بات پر فخر رہا ہے کہ ہمارا ملک دنیا کا سب سے بڑا جمہوری ملک ہے۔ کیا ہم ایک ایسے نظام کی طرف چلے جا رہے ہیں جہاں قانون کی کوئی قدردانی نہیں ہوگی‘۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔