نیتی آیوگ کی حالیہ رپورٹ کے مطابق، ہندوستان کے 21 شہروں میں 2020 تک زیر زمین پانی ختم ہوجائے گا۔ آبی بحران کے مسئلہ کے مد نظر نیوز 18 اور ہارپک کافی عرصہ سے 'مشن پانی' نام سے مہم چلا رہے ہیں۔ اسی مہم کے تحت آج نیوز 18 نے اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے بات چیت کی۔
نیوز 18 سے بات کرتے ہوئے یوپی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ ہماری حکومت نے ریاست میں بارش کے پانی کے تحفظ پر کافی کام کیا ہے۔ آنے والے دنوں میں اس پر اور بھی محنت کی جائے گی۔ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ مشن پانی کے لئے وہ نیوز 18 نیٹ ورک کو مبارکباد دیتے ہیں اور اس کے تئیں اظہار ممنونیت کرتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ یوگی نے کہا کہ آنجہانی اٹل بہاری واجپئی نے کہا تھا کہ تیسری عالمی جنگ اگر لڑی جائے گی تو وہ پانی کے مسئلہ پر لڑی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہمیں آبی تحفظ کی سمت میں آگے جانا چاہئے۔ یہ خوش قسمتی ہے کہ آج وزیر اعظم نریندر مودی نے اس کی شروعات کر دی ہے اور یہ کارروائی جنگی سطح پر شروع بھی ہو چکی ہے۔ یوگی نے کہا کہ آزادی کے بعد پہلی بار پانی سے جڑے سبھی محکموں کو ضم کر کے جل شکتی وزارت حکومت ہند نے قائم کی ہے۔ اترپردیش ملک کی ایسی پہلی ریاست ہے جس نے اپنے یہاں جل شکتی وزارت قائم کی ہے اور ہم نے اپنے ایک اہل وزیر کو اس کی ذمہ داری دی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ آبی تحفظ، جل شکتی کا پروگرام زندگی کو بچانے کا پروگرام ہے۔ میرا یہ ماننا ہے کہ پلاسٹک کے خلاف مہم ، آبی تحفظ اور ساتھ ہی وسیع پیمانہ پر شجرکاری کا پروگرام یہ ایک ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔