نئی دہلی ۔ ابوالکلام آزاد اسلامک اویکننگ سنٹر، نئی دہلی کے صدر جناب مولانا محمد رحمانی سنابلی مدنی نے رمضان المبارک کے اس مہینہ میں عالم اسلام کے مختلف حادثات پر اپنے گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ترکی، بغداد،مدینہ منورہ، قطیف اور جدہ میں ہونے والے حالیہ خود کش حملے اور دھماکے یقینا بزدلانہ حرکتیں ہیں اور ایسا کرنے والے باغیانہ مزاج اور خروج کا ذہن رکھتے ہیں، ان میں اتنی ہمت نہیں کہ وہ آنکھ میں آنکھ ملا کر کسی کا مقابلہ کرسکیں اسی وجہ سے ان کی حرکتیں ہمیشہ بزدلانہ ہوتی ہیں۔
مولانا نے مزید فرمایا کہ بالخصوص مدینہ نبویہ میں ہونے والا حادثہ یقینا بہت زیادہ تشویش ناک ہے کیونکہ اس کے ذریعہ مقدس شہر کو نشانہ بنایا گیا ہے لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ مدینہ اور اہل مدینہ کے ساتھ برا سلوک کرنے والا اسی طرح مٹ جاتا ہے جیسے پانی میں نمک مٹ جاتا ہے۔ اللہ رب العالمین ایسی حرکتیں کرنے والوں کو جلد تباہ کردے گا۔
مولانا نے فرمایا کہ حملہ آوروں کا اگر اسلام اور مسلمانوں سے کچھ بھی تعلق ہوتا تو رمضان کے مقدس مہینہ میں اس طرح کی حرکت نہ کرتے اور نہ ہی امن وسلامتی کے گہوارہ مدینۃ الرسول کو نشانہ بنانے کی جرأت کرتے ، ایسے مقدس وقت اور مقدس شہر میں حملہ اس بات کی واضح دلیل ہے کہ یہ سب حرکتیں کرنے والے اسلام سے خارج ہیں۔ ابوالکلام آزاد اسلامک اویکننگ سنٹر، نئی دہلی اور اس کے ماتحت چلنے والے تمام مدارس اور شعبہ جات اور اس کے طلبہ وطالبات،مدرسین وذمہ داران اور تمام متعلقین اس بزدلانہ حرکت کی مذمت کرتے ہیں اور اس پر عالم اسلام سے اپنی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔