اس سے قبل وزیراعظم نریندر مودی نے لوک سبھا میں اپنی طویل تقریر میں اپوزیشن کے تمام حملوں اور الزامات کا ٹھوس جواب دیا۔ نریندر مودی نے اپوزیشن پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میں بھگوان سے پرارتھنا کرتا ہوں کہ آپ 2024 میں بھی عدم اعتماد کی تحریک لائیں۔
وزیر اعظم نے کانگریس پر تنقید کرتے ہوئے مشورہ دیا کہ جن لوگوں کو خود پر بھروسہ نہیں ہے، وہ دوسروں پر کیا بھروسہ کریں گے۔ انہوں نے حقائق کے بغیر ملک کو گمراہ نہ کرنے کی بھی نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت نے 50 لاکھ لوگوں کو روزگار دیا۔ ملک میں میٹرو کی توسیع میں کام ہورہا ہے۔ روزگار کے معاملے میں کانگریس ملک کو گمراہ کررہی ہے۔ ملک میں ہائی وے کا جال بچھایا جارہا ہے۔ انفارمیشن اینڈ ٹکنالوجی میں دن رات کام ہورہا ہے۔ ملک میں اگر 2014 میں ہماری حکومت نہیں بنتی تو ملک خطرے میں تھا۔
نریندر مودی نے کہا کہ ریاستیں ہجومی تشدد کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ ہماری حکومت مسلم بہنوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ ہم نے بینکوں کی اصلاحات کے لئے کام کیا۔ بینکوں کی مدد کے لئے پیسہ دیا جارہا ہے۔ کانگریس کے دورا قتدار میں این پی اے کا جال پھیلا۔ لون ادا کرنے کے وقت دوسرا لون دے دیا جاتا تھا۔ کانگریس نے اپنے چہیتوں پر خوب لٹایا۔ کانگریس 32 بلین ڈالر کا قرض چھوڑ کر گئی۔