پدم ایوارڈز کا اعلان، جاپان کے سابق وزیر اعظم شنزو آبے کو پدم وبھوشن
ملک کے ان باوقار ایوارڈ کا اعلان پیر کو یوم جمہوریہ کے موقع پر کیا گیا۔ یہ ایوارڈ آرٹ ، سماجی کام ، عوامی امور ، سائنس ، طب ، کاروبار ، معیشت سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں اور غیر معمولی کارنامے کے لئے ہر سال دیئے جاتے ہیں۔
- News18 Urdu
- Last Updated: Jan 25, 2021 10:23 PM IST

پدم انعامات کا اعلان، جاپان کے سابق وزیر اعظم شنزو آبے کو پدم وبھوشن
نئی دہلی۔ یوم جمہوریہ (Republic Day 2021) کی ماقبل شام سال 2021 کے لئے پدم ایوارڈز کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ پدم ایوارڈز (Padma Awards 2021) میں پدم وبھوشن، پدم بھوشن اور پدم شری ایوارڈز شامل ہوتے ہیں۔ اس فہرست میں سب سے بڑا نام جاپان کے سابق وزیر اعظم شنزو آبے (Shinzo Abe) کا ہے جنہیں پدم وبھوشن ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ آبے سمیت یہ انعامات کل 7 لوگوں کو دئیے گئے ہیں جن میں ایس پی بالا سبرمنیم، ڈاکٹر نریندر سنگھ کپینی اور سدرشن ساہو جیسے نام شامل ہیں۔
ہندوستان۔جاپان تعلقات کو اپنی نئی اونچائیوں پر پہنچانے والے جاپان کے سابق وزیراعظم شنزو آبے سمیت سات اہم شخصیات کو ملک کا دوسرا سب سے بڑا سول ایوارڈ پدم ویبھوشن اور آسام کے سابق وزیراعلی ترون گوگوئی، سابق لوک سبھا اسپیکر سمترا مہاجن، ممتاز شیعہ عالم دین مولانا کلب صادق (بعد از وفات) اور سینئر بیوروکریٹ نرپیندر مشرا سمیت دس اہم شخصیتوں کو پدم بھوشن ایوارڈ کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔
وزارت داخلہ کے مطابق 102 دیگر مشہور شخصیات کو پدم شری کے ساتھ اعزاز دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ملک کے ان باوقار ایوارڈ کا اعلان پیر کو یوم جمہوریہ کے موقع پر کیا گیا۔ یہ ایوارڈ آرٹ ، سماجی کام ، عوامی امور ، سائنس ، طب ، کاروبار ، معیشت سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں اور غیر معمولی کارنامے کے لئے ہر سال دیئے جاتے ہیں۔
گوا کی سابق گورنر مردولا سنہا، برطانوی فلم ڈائریکٹر پیٹر بروک، فادر ولس ( بعد از وفات) اور پروفیسر چمن لال سپرو (بعد از وفات) وغیرہ پدم شری ایوارڈ سے نوازے جائیں گے۔
اعلی کارکردگی کے لئے پریسیڈنٹ پولیس میڈل حاصل کرنے والوں میں سی بی آئی کے جوائنٹ ڈائریکٹر (لکھنؤ) سمپت مینا، جوائنٹ ڈائریکٹر (چندی گڑھ) وینیت وینائک ، ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ پولیس سرلاداس مشرا ، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس وویک دھیر ، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس سریندر کمار روہیلا اور ہیڈ کانسٹیبل بسنت سنگھ بشٹ شامل ہیں۔
یو این آئی، اردو کے ان پٹ کے ساتھ