ہوم » نیوز » شمالی ہندوستان

مہاتماگاندھی کی 73ویں برسی، صدر، نائب صدر اور پی ایم مودی نے پیش کیا خراج عقیدت

قوم آج بابائے قوم مہاتما گاندھی کو ان کی 73ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کررہی ہے۔ 1948 میں آج ہی کے دن مہاتما گاندھی اپنے قاتل کی گولیوں کا شکار ہوگئے تھے۔ یہ دن شہیدوں کے دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔

  • Share this:
مہاتماگاندھی کی 73ویں برسی، صدر، نائب صدر اور پی ایم مودی نے پیش کیا خراج عقیدت
مہاتماگاندھی کی 73ویں برسی، صدر، نائب صدر اور پی ایم مودی نے پیش کیا خراج عقیدت

نئی دہلی۔ قوم آج بابائے قوم مہاتما گاندھی کو ان کی 73 ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کررہی ہے۔ 1948 میں آج ہی کے دن مہاتما گاندھی اپنے قاتل کی گولیوں کا شکار ہوگئے تھے۔ یہ دن شہیدوں کے دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔ دہلی میں مہاتما گاندھی کی سمادھی راج گھاٹ پر سرودھرم پرارتھنا سبھا کا انعقاد کیا گیا۔صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند، نائب صدرجمہوریہ وینکیا نائیڈ، وزیراعظم نریندرمودی اور وزیردفاع راج ناتھ سنگھ نے خراج عقیدت پیش کیا اور مہاتماگاندھی کی سمادھی پر گلہائے عقیدت پیش کیے۔


اس سے پہلے صدر کووند نے ٹویٹ کرکے کہا،’’پورے ملک کی جانب سے بابائے قوم مہاتما گاندھی کو ان کی برسی کے موقع پر خراج عقیدت ۔ہمیں امن ،عدم تشدد،سادگی ، ذرائع کی پاکیزگی اور عاجزی کے ان کے اصولوں پر عمل کرنا چاہئے۔ آئیے ہم ان کے سچائی اور پیار کے راستے پر چلنے کا عزم کریں۔‘‘


وہیں وزیر اعظم مودی نے ٹویٹ کرکے کہا،’’عظیم باپو کو ان کی برسی پر خراج عقیدت۔ ان کے اصول لاکھوں لوگوں کو تحریک دیتے ہیں۔ یوم شہادت پر ہم ان سبھی عظیم خواتین اور مردوں کی قربانیوں کو یاد کرتے ہیں جنہوں نے ہندوستان کی آزادی اور ہر ہندوستانی کی بھلائی کےلئے خود کو مختص کردیا۔‘‘


نائب صدر جہوریہ ایم وینکئیا نائیڈو نے بابائے قوم مہاتما گاندھی کی برسی پر ہفتے کو انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ پوری زندگی سماج کے پسماندہ اور کمزور طبقوں کی ترقی کےلئے کوشاں رہے۔ نائیڈو نے یہاں جاری ایک پیغام میں کہا کہ مہاتما گاندھی نے سماج کے پسماندہ طبقوں کی ترقی کےلئے انتھک کوشش کی۔ ان کے اصول اور زندگی آج بھی پوری دنیا کےلئے ترقی کی راہیں روشن کرتے ہیں۔ انہیں یاد کرتے ہوئے،ان کی پیروی کرنے کا بھی عزم لینا چاہئے۔
نائب صدر جمہوریہ نے کہا،’’ بابائے قوم مہاتما گاندھی جی کی برسی پر ان کی یاد میں خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔‘‘

نائیڈو نے کہا کہ گاندھی جی امن ،عدم تشدد ،بے لوث خدمات کے پیروکار تھے۔ اپنے عزم اور کام سے انہوں نے وقت کی ریت پر اپنی انمٹ چھاپ چھوڑی ،دنیا بھر کے کئی لوگوں کو عدم تشدد کا راستہ اپنانے کے لئے تحریک کی۔‘‘نائیڈو نے اپنے پیغام میں مہاتما گاندھی کے اس بیان کا بھی ذکر کیا’عدم تشدد ہی سب سے بڑا مذہب ہے ۔اگر ہم اس پر پوری طرح عمل نہ بھی کرپائیں تو بھی ہمیں اس کے جذبے کو سمجھنا چاہئے اور جہاں تک ممکن ہو تشدد کو چھوڑنا چاہئے-

واضح ہو کہ مہاتماگاندھی ہندوستان کے سیاسی اور روحانی رہنما اور آزادی کی تحریک کے اہم ترین کردار تھے۔ انہوں نے ستیہ گرہ اور اہنسا یعنی عدم تشددکو اپنا ہتھیار بنایا۔

یو این آئی، اردو کے ان پٹ کے ساتھ
Published by: Nadeem Ahmad
First published: Jan 30, 2021 02:38 PM IST