ہوم » نیوز » شمالی ہندوستان

اٹل بہاری واجپئی نے ہمیشہ اقتدار کی بجائے جمہوریت کا انتخاب کیا : وزیر اعظم مودی

وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ مقرر کے طورپر بھارت رتن اٹل بہاری واجپئی کی کوئی برابری نہیں کرسکتا اور انہیں ہمیشہ ملک کے بہترین مقررین میں شمار کیا جائے گا ۔

  • UNI
  • Last Updated: Dec 24, 2018 05:15 PM IST
  • Share this:
  • author image
    NEWS18-Urdu
اٹل بہاری واجپئی نے ہمیشہ اقتدار کی بجائے جمہوریت کا انتخاب کیا : وزیر اعظم مودی
اٹل بہاری واجپئی نے ہمیشہ اقتدار کی بجائے جمہوریت کا انتخاب کیا : وزیر اعظم مودی

وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ مقرر کے طورپر بھارت رتن اٹل بہاری واجپئی کی کوئی برابری نہیں کرسکتا اور انہیں ہمیشہ ملک کے بہترین مقررین میں شمار کیا جائے گا۔ وزیر اعظم مودی نے پارلیمنٹ ہاوس اینکسی میں منعقد ایک پروگرام میں مسٹر واجپئی کی یاد میں سو روپے کا یادگاری سکہ جاری کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے ان کی سیاسی عہد بندی اور نظریہ کے تئیں لگن کا خصوصی ذکر کیا۔

وزیر اعظم مودی نے کہا’’ اٹل جی جمہوریت کی بالادستی چاہتے تھے ۔ انہوں نے جن سنگھ بنایا ، لیکن جب جمہوریت بچانے کا وقت آیا تو واجپئی اور دیگر رہنما جنتا پارٹی میں شامل ہوگئے۔ جب اقتدار میں رہنے یا نظریہ پر برقرار رہنے کا سوال آیا تو واجپئی جی نے جنتا پارٹی چھوڑ کر بھارتیہ جنتا پارٹی بنالی۔‘‘ وزیر اعظم نے کہا ’’ مقرر کی حیثیت سے واجپئی جی کا کوئی ہمسری نہیں کرسکتا اور انہیں ہمیشہ ملک کے بہترین مقررین میں شمار کیا جاتا رہے گا۔‘‘

وزیر اعظم نے کہا’’ اس سے مسٹر واجپئی کے ہندوستانی عوامی اور جن سنگھ کے نظریات پر یقین کا پتہ چلتا ہے جب انہوں نے بی جے پی کی تشکیل کے بعد کہا تھا’’ اندھیرا دور ہوگا‘ سورج نکلے گا’ کمل کھلے گا۔‘‘ وزیر اعظم نے اپوزیشن پارٹیوں پر بالواسطہ حملہ کرتے ہوئے کہا’’ کچھ لوگوں کے لئے اقتدار آکسیجن ہے وہ اس کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتے۔ لیکن واجپئی جی نے طویل مدت تک اپوزیشن میں رہ کر قوم کی تعمیر کے تئیں اپنی ذمہ داریوں کو پورا کیا۔‘‘

وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ’’اٹل جی کے ذریعہ بنائی گئی پارٹی اب ملک کی سب سے بڑی پارٹیوں میں سے ایک ہے۔ ان کی قیادت میں کام کرنے والے کارکن کافی خوش قسمت رہے کہ انہیں اٹل جی کی رہنمائی حاصل ہوئی ۔‘‘ یہ پروگرام وزارت ثقافت کی جانب سے منعقد کیا گیا تھا۔جس میں متعدد افراد نے حصہ لیا۔ خیال رہے کہ سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کی یوم پیدائش 25دسمبر منگل کو گڈ گورننس دن کے طور پرمنایاجائے گا۔

First published: Dec 24, 2018 05:15 PM IST